عیدگاہوں میں مصلیوں کی سہولت کیلئے عملی اقدامات

   

نظام آباد عیدگاہ مدینہ کو مسطح کرنے اور مورم اندازی کے کاموں کا آغاز ، محمد علی شبیر سے اظہار تشکر
نظام آباد: 28/ مارچ (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) عیدگاہ مدینہ کو مسطح کرنے اور مورم اندازی کیلئے محمد علی شبیر مشیر ریاستی حکومت کی ہدایت پر آج کاموں کا آغاز عمل میں آیا۔ چند یوم قبل عیدگاہ مدینہ کی انتظامی کمیٹی کی خواہش پر جناب محمد علی شبیر نے عیدگاہ مدینہ کا تفصیل معائنہ کیا تھا جہاں انہیں بتایا گیا کہ عیدگاہ کے ایک حصہ میں مورم اور مسطح نہ کئے جانے کے باعث عیدین کو آنے والے مصلیوں کو سہولت نہ ہونے کے باعث دشواری پیش آرہی ہے اس سلسلہ میں جناب محمد علی شبیر نے کانگریس کارپوریٹر ہارون خان کو ہدایت دی تھی کہ فوری طور پر عیدگاہ میں مورم اندازی اور زمین کو ہموار کرنے پتھروں کو ہٹانے کیلئے جے سی بی کا انتظام کریں اور عیدالفطر سے قبل اس کام کی تکمیل عمل میں لائی جائے۔ آج دوپہر عیدگاہ مدینہ میں کاموں کا باضابطہ آغاز کردیا گیا اس موقع پر مولانا شاہد رضا، رشید رضوی، محمد عمران رضوی، محمد شبیر رضوی، کانگریس قائدین سید نجیب علی ایڈوکیٹ، اشفاق احمد پاپا خان، محمد عبدالقدوس کارپوریٹر، محمد مجاہد خان سابق کارپوریٹر، ایم اے فہیم سابق ڈپٹی مئیر، محمد مجاہد خان انچارج ڈیویڑن 12، ڈاکٹر محمد اختر سابق نوڈا ڈائریکٹر، عبدالقدیر جمیل این آر آئی، انیس احمد،محمد عبدالقادر، محمد عبدالقیوم، محمد عمران، جعفر حسین، محمد مصعیب سابق کارپوریٹر، محمد ظفر آٹو نگر کی موجودگی میں کام کا آغاز کیا گیا۔ انہوں نے جناب محمد علی شبیر کی صحت سلامتی اور تندرستی کیلئے دعا کی اور کہا کہ اہلسنت و الجماعت ان کاموں کیلئے اظہار تشکر کرتی ہے اس موقع پر اشفاق احمد پاپا خان نے کہا کہ جناب محمد علی شبیر نے نظام آباد اکے تینوں عیدگاہوں عیدگاہ جدید، اہلحدیث اور مدینہ عیدگاہ کا تفصیلی معائنہ کیا تھا اور تمام مسائل کو علم میں لانے اور انہیں حل کرنے کے لئے عملی اقدامات کئے ان کاموں کے لئے خطیر لاگت خرچ ہوگی اور عیدگاہ کے دیرینہ مسئلہ کی یکسوئی عمل میں لائی جارہی ہے۔