نئی دہلی: انسٹی ٹیوٹ کے زیر اہتمام دو روزہ قومی سمینار کا آج سے آغاز ہو رہا ہے ۔ غالب انسٹی ٹیوٹ کے دائرکٹر ڈاکٹر ادریس احمد نے اطلاع دی کہ غالب کے تین اہم معاصرین صہبائی، آزردہ اور شیفتہ کی شخصیت اردو اور فارسی ادب کے تعلق سے نہایت اہمیت کی حامل ہے ۔ غالب انسٹی ٹیوٹ، غالب اور عہد غالب سے متعلق سمینار کا انعقاد کرتا رہتا ہے لیکن ان تین اہم شخصیات پر اب تک باضابطہ کوئی سمینار نہیں ہوا تھا۔ لہٰذا یہاں کی سمینار سب کمیٹی نے فیصلہ لیا کہ اس مرتبہ ان تین شخصیات پر دو روزہ قومی سمینار کا انعقاد کیا جائے ۔ 23/ ستمبر کو شام 6/ بجے ایوان غالب میں افتتاحی اجلاس منعقد ہوا جس کا افتتاح جناب نوید مسعود صاحب نے کیا اور صدارت غالب انسٹی ٹیوٹ کے سکریٹری پروفیسر صدیق الرحمٰن قدوائی نے کی۔ فارسی کی مشہور اسکالر پروفیسر آذر می دخت صفوی کلیدی خطبہ پیش کیا۔اس موقع پر پر ڈاکٹر فرید الدین فرید عصر، کلچرل کونسلر ایران، مہمان خصوصی ہوں گے ۔ دوسرے روز صبح 10/ بجے سے شام 5/ بجے تک مقالات پیش کیے جائیں گے ۔ اس اہم اور دلچسپ موضوع کے سبب کثیر تعداد میں لوگوں کی آمد متوقع ہے ۔