غریبوں کو اقل ترین آمدنی کی گیارنٹی ‘ راہول گاندھی کا وعدہ

,

   

مودی کے ہندوستان میں امبانی ‘ چوکسی ‘ نیرو مودی کیلئے سب کچھ دستیاب ‘ غریبوں کیلئے کچھ نہیں ‘ رائے پور میں ریلی سے خطاب
رائے پور، 28جنوری (سیاست ڈاٹ کام) صدر کانگریس راہول گاندھی نے آج وعدہ کیا کہ ان کی پارٹی اگر مرکز میں برسر اقتدار آئی تو ملک میں ہر شہری کیلئے اقل ترین آمدنی کو یقینی بنائیگی ۔ راہول نے عملا اپنی دادی اندرا گاندھی کے 1971 میں دئے گئے ’’ غریبی ہٹاو ‘‘ کے نعرہ کی طرح کا اعلان کیا ہے ۔ راہول گاندھی نے اپنے اس فیصلے کو تاریخی قرار دیا جو انہوں نے رائے پور میں کسان آبھار سمیلن سے خطاب میں کیا ۔ یہ ریلی ریاست میں پندرہ سال بعد کانگریس کو اقتدار سونپنے پر ریاست کے عوام اور خاص طور پر کسانوں سے اظہار تشکر کیلئے منعقد ہوئی تھی ۔ سینئر کانگریس لیڈر پی چدمبرم نے بھی اس فیصلے کو تاریخی قرار دیا اور کہا کہ یہ غریب لوگوں کی زندگیوں میں تبدیلی لانے والا فیصلہ ہے ۔ راہول گاندھی نے یہ اعلان مودی حکومت کی جانب سے عبوری بجٹ کی پیشکشی سے چنددن قبل کیا ہے ۔ بی جے پی نے تاہم اس وعدہ پر کہا کہ یہ پارٹی کے سینکڑوں وعدوں کی طرح ایک وعدہ ہے جس پر عمل نہیں کیا جاسکتا ۔ راہول نے اپنی تقریر میں کہا کہ کانگریس نے ایک تاریخی فیصلہ کیا ہے ۔ کانگریس زیر قیادت حکومت اقل ترین آمدنی کی گیارنٹی کو یقینی بنائیگی ۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ملک میں ہر غریب کی کچھ نہ کچھ اقل ترین آمدنی ہوگی ۔ اس کا مطلب یہ ہوگا کہ ملک میں کوئی مزید بھوکا نہیں رہیگا ۔ یہ دعوی کرتے ہوئے کہ وہ جو کہتے ہیں وہ کرتے ہیں راہول نے کہا کہ اقل ترین آمدنی گیارنٹی اسکیم کو ملک بھر میں نافذ کیا جائیگا ۔ بعد ازاں انہوں نے ٹوئیٹ کیا کہ ہم ایسے حال میں نیا ہندوستان نہیں بناسکتے جب ہمارے لاکھوں بھائی بہن غربت سے متاثر ہیں۔ اگر 2019 میں اقتدار ملتا ہے تو کانگریس ہر غریب شہری کیلئے اقل ترین آمدنی گیارنٹی کو یقینی بنائیگی تاکہ غربت اور بھوک کا خاتمہ ہوسکے ۔ یہ ہمارا ویژن اور وعدہ ہے ۔ انہوں نے رافیل پر مرکز پر تنقید کا سلسلہ بھی جاری رکھا ۔ انہوں نے کہا کہ ہم دو ہندوستان نہیں چاہتے ۔ ہم ایک ہندوستان چاہتے ہیں اور اس ہندوستان میں کانگریس پارٹی ہر غریب کو اقل ترین آمدنی یقینی بنائیگی ۔ انہوں نے کہا کہ مودی اور بی جے پی دو ہندوستان بنانا چاہتے ہیں۔ ایک ہندوستان صنعتکاروں کیلئے ‘ رافیل اسکام کیلئے ‘ انیل امبانی ‘ میہول چوکسی ‘ نیرو مودی اور نریندر مودی کیلئے ہے ان کو رافیل کنٹراکٹ ‘ زمین ‘ پانی ‘ برقی اور جو کچھ وہ چاہیں مل جائیگا جبکہ دوسرا ہندوستان غریبوں کیلئے ہوگا جن کیلئے حکومت کے پاس کچھ بھی نہیں ہے اور انہیں صرف من کی بات سننی پڑیگی ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس نے چھتیس گڑھ میں زرعی قرض معافی کا وعدہ کیا تھا جسے ایک دن میں پورا کردیا گیا ۔