غیر مقیم ہندوستانیوں کے لیے جائیداد خریدی میں عجلت سے گریز ضروری

   


سرمایہ کاری سے قبل قانونی امور کو نظر انداز کرنا مشکلات کا سبب بن سکتا ہے ، دستاویز سے مکمل آگاہی ناگزیر
حیدرآباد ۔24 ۔ اکتوبر (سیاست نیوز) غیر مقیم ہندوستانی اپنے مختصر دورہ ہندوستان کے دوران عجلت میں جائیدادوں کی خریدی سے گریز کریں اور کسی بھی جائیداد کی خریدی کیلئے قانونی امور کو نظر میں رکھتے ہوئے اس بات کا فیصلہ کریں کہ یہ جائیداد خریدی جانی چاہئے ۔ عام طور پر اکتوبر تا ڈسمبر کے دوران غیر مقیم ہندوستانی جو مختلف ممالک میں برسر خدمت ہیں، تعطیلات کے لئے اپنے ملک کا رُخ کرتے ہیں ۔ اس مرتبہ بھی اس مدت کے دوران بڑی تعداد میں غیر مقیم ہندوستانیوں کے دورہ ہندوستان کی توقع کی جارہی ہے اور غیر مقیم ہندوستانیوں کی آمد کے پیش نظر رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کی جانب سے انہیں راغب کروانے کیلئے خوب تشہیری مہم چلائی جارہی ہے لیکن غیر مقیم ہندوستانیوں کو کسی بھی جائیداد میں سرمایہ کاری سے قبل جائیداد کے دستاویزات اور اس کے موقف کے متعلق مکمل آگے ہی حاصل کرنی چاہئے ۔ ماہرین کے مطابق عجلت میں کی جانے والی سرمایہ کاری کے بعد غیر مقیم ہندوستانی اپنے جائیدادوں کے حصول کیلئے مشکلات کا شکار ہوتے ہیں اور اس بات پر افسوس کرنے لگتے ہیں کہ ان کی جانب سے کی گئی سرمایہ کاری سے بہتر فوائد حاصل نہیں ہورہے ہیں۔ جائیدادوں میں سرمایہ کاری کے لئے پراجکٹ کی نوعیت اور ترقیاتی کاموں کیلئے متعین کئے گئے وقت کے علاوہ خریدی جارہی جائیداد کے موقف کی مکمل جانکاری حاصل کرنی چاہئے۔کسی بھی علاقہ ، شہر یا موضع میں جائیداد کی خریدی سے قبل اطراف و اکناف کے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں یا سرکاری پراجکٹس کی تفصیلات حاصل کرنے سے اس بات کا اندازہ ہوجاتا ہے کہ اس علاقہ میں سرمایہ کاری سے کس قدر فائدہ حاصل ہوگا۔ غیر مقیم ہندوستانیوں کے سرمایہ کاری کے متعلق نظریات کی تحقیق کے دوران اس بات کا انکشاف ہوا ہے کہ بیشتر غیر مقیم ہندوستانی طویل مدت بیرونی ممالک میں زندگی گزارنے کے بعد اپنی زندگی کے آخری ایام اپنے آبائی وطن میں گزارنے کے متمنی ہوتے ہیں۔ اسی لئے انہیں سرمایہ کاری سے قبل اس بات پر بھی توجہ دینی چاہئے کہ وہ جس مقام پر جائیداد خرید رہے ہیں، اس کے اطراف و اکناف ایسے مقامات موجود ہوں جہاں وہ وقت گزاری یا اپنے قریبی احباب سے ملاقات کیلئے جاسکتے ہیں۔ رئیل اسٹیٹ کمپنیوں کی جانب سے بیرونی ممالک میں مارکیٹنگ کے دوران پیش کئے جانے والے پریزینٹیشن کی بنیاد پر بیشتر سرمایہ کار جائیدادوں کی خریدی کا فیصلہ کرتے ہیں جوکہ ایک سنگین چیلنج ثابت ہوسکتا ہے ۔ اسی لئے جائیداد کا شخصی طور پر مشاہدہ کرنے کے علاوہ اگر کوئی ولا پراجکٹ تیار ہورہا ہے تو اس کے لئے درکار مدت کے ساتھ ساتھ اطراف و اکناف کے علاقوں کی ترقی کو نظر میں رکھتے ہوئے جائیداد کی خریدی کا فیصلہ کیا جانا چاہئے ۔ محض پریزنٹیشن کی بنیاد پر جائیدادوں کی خریدی مشکل حالات پیدا کرنے کا سبب بن سکتی ہے۔م