فرانس میں شدت پسندی کے شبہ میں درجنوں مساجد کی تحقیقات

   

پیرس: فرانسیسی حکام نے اسلامی انتہا پسندی سے ممکنہ روابط کی بنیاد پر درجنوں مساجد اور عبادت کے لیے مختص ہالز کا معائنہ شروع کرنے کا حکم دیا ہے۔وزیرِ داخلہ جیرالڈ ڈارمانین نے اس کریک ڈاؤن کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اگر مساجد ’علیحدگی پسندی‘ کی حوصلہ افزائی کرتی پائی گئیں تو انھیں بند کر دیا جائے گا۔ایسا انتہا پسندی سے نمٹنے کے لیے ایک قانون متعارف کرائے جانے کے ایک ہفتہ بعد کیا جا رہا ہے۔یہ اکتوبر میں ہوئے حملوں کے ردِ عمل میں کیا گیا ہے جن کا الزام اسلامی انتہا پسندوں پر عائد کیا جاتا ہے۔ ان واقعات میں ٹیچر سیمیول پیٹی کا سر قلم کیے جانے کا بہیمانہ واقعہ بھی شامل ہے۔ فرانسیسی میڈیا کے مطابق جیرالڈ ڈارمانین نے علاقائی سکیورٹی کے سربراہوں کو بھیجے گئے ایک نوٹ میں کہا کہ 76 مساجد اور نماز پڑھنے کے ہالز کے خصوصی چیکس اور نگرانی ہو گی، جن میں سے 16 پیرس کے علاقے میں واقع ہیں۔انھوں نے ان میں سے 18 کے متعلق فوری کارروائی کا حکم دیا ہے۔ ایک ٹویٹ میں انھوں نے اسے دہشت گردی سے نمٹنے کے لیے ایک بڑا اور بے مثال عمل قرار دیا۔میڈیا کے مطابق ریاستی انسپکٹرز ان کی مالی معاونت، امام کے روابط، اور ممکنہ طور پر بچوں کو قرآن سکھانے کے مدرسوں کا معائنہ کریں گے۔