فرقہ وارانہ ہم آہنگی کیلئے تلنگانہ ملک میں مثالی ریاست

   

درگاہ حضرت جان پاک شہیدؒ کی 23 جنوری سے عرس تقاریب، اتم کمار ریڈی نے انتظامات کا جائزہ لیا
حیدرآباد۔/19 جنوری، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی اتم کمار ریڈی نے کہا کہ کانگریس دور حکومت میں ریاست میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ حاصل ہوا ہے اور ملک کیلئے مثالی ریاست بن چکی ہے۔ اتم کمار ریڈی نے آج نلگنڈہ میں حضرت سید محی الدین شہیدؒ اور حضرت جان پاک شہید ؒ کی عرس تقاریب کے سلسلہ میں عہدیداروں کے ساتھ اجلاس منعقد کیا۔ اتم کمار ریڈی نے صدرنشین وقف بورڈ عظمت اللہ حسینی اور رکن اسمبلی مریال گوڑہ بی لکشما ریڈی کے ہمراہ درگاہ شریف پر حاضری دی اور چادر گُل پیش کی۔ اس موقع پر اتم کمار ریڈی نے تلنگانہ کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کیلئے خصوصی دعاء کی۔ اتم کمار ریڈی نے کہا کہ بی جے پی زیر اقتدار ریاستوں میں نفرت اور عدم رواداری میں اضافہ ہوا ہے۔ آر ایس ایس کو نشانہ بناتے ہوئے اتم کمار ریڈی نے کہا کہ مذہبی مقامات کو تنازعات میں گھسیٹنے کی کوشش کی جارہی ہے اور درگاہ اجمیر شریف کے بارے میں بھی تنازعہ پیدا کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ میں عرس تقاریب فرقہ وارانہ ہم آہنگی اور مذہبی رواداری کی مثال ہوتے ہیں۔ انہوں نے کانگریس قائد راہول گاندھی کی جانب سے ملک میں نفرت کے خاتمہ کے خلاف مہم کا حوالہ دیا اور کہا کہ راہول گاندھی نے دستور بچاؤ مہم کے ذریعہ مہاتما گاندھی اور ڈاکٹر امبیڈکر کے نظریات کو عام کرنے کی کوشش کی ہے۔ 1