سابق وزیر کرناٹک ضمیر احمد خان کی اپیل، بنگلورمیں امبیڈکرجینتی اور عید ملن تقریب سے خطاب
گلبرگہ:حلقہ چامراج پیٹ کے رکن اسمبلی و سابق ریاستی وزیر بی زیڈ ضمیر احمد خان نے کہا کہ چند فرقہ پرست طاقتیں مذہب کے نام تفرقہ پیدا کر تے ہو ئے سیکو لر ملک میں فرقہ پرستی کو بڑھا وادینے کی کوشش کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان فسطائی طاقتوں کے نا پاک عزائم کو متحد طور پر ناکام کرنے کی اشد ضرورت ہے۔سبحانیہ مسجد کمیٹی اور اسکول ویلفیئر کمیٹی کے زیر اہتمام الاظہر فاؤنڈیشن اسکول کے احاطہ میں منعقد امبیڈکرجینتی اور عید ملن تقریب میں شرکت کرتے ہو ئے اپنے خطاب میں ضمیر احمد نے ان خیالات کااظہار کیا۔ انہوں نے کہا کہ دلت اور مسلم طبقات متحد طور پر فرقہ پرست جماعتوں کا منہ تور جواب دیں تو ملک اور ریاست میں امن واماں اور نظم و ضبط کی فضاء دوبارہ برقرار کی جاسکتی ہے۔ فرقہ پرست جماعتیں امن پسند ریاست میں فرقہ پرستی کا بیج بو کرنفرتوں کا ماحول پیدا کرنے میں لگی ہو ئی ہیں،ان کے نا پاک ارادوں کو کبھی بھی پورا ہونے نہیں دیا جا ئے گا۔ اس موقع پر سٹی جامع مسجد کے خطیب وامام مولانا ڈاکٹر محمد مقصود عمران نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہمارا ملک ایک سیکو لر ملک ہے یہاں تمام مذاہب کے ماننے والے بھائی چارگی کے ساتھ امن وامان سے زندگی گزار رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ چند مٹھی بھر افراد یہاں کے ماحول کو بگاڑنے کی کو شش کر رہے ہیں،اس لئے تمام کی ذمہ داری ہے کہ مٹھی بھر افراد کو ان کے مقصد میں کامیاب ہو نے نہ دیں۔ اس موقع پر دلت طبقہ کے ناگراج سوامی جی نے کہا کہ چند فرقہ پرست جماعتیں ہندو اور مسلمانوں کے درمیان نفرتوں کو پیدا کر نے کی کوشش میں لگے ہو ئے ہیں،ان کے ناپاک عزائم کو پورا ہو نے نہیں دیا جا ئے گا۔انہوں نے دلت اور مسلم طبقات کے افراد سے گزارش کی کہ وہ متحد طور پر فرقہ پسند طاقتوں کا مقابلہ کریں۔انہوں نے کہا کہ اگر ہم متحد رہیں تو کوئی بھی طاقت ان کا مقابلہ نہیں کر سکتی۔اس موقع پر وظیفہ یاب آئی پی ایس افسر یو نثار احمد، مولانا شبیر ندوی، پراجاونی اخبار کے امان اللہ،جے جے آر نگر امبیڈکر کمیٹی کے صدرو دلت لیڈر سبا رائیڈو، سماجی کارکن عمر شریف کے علاوہ دیگر افراد نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب کے درمیان رکن اسمبلی ضمیر احمد نے دلت طبقہ کے ناگراج سوامی کے منہ سے لقمہ لے کر کھاتے ہوئے سیکولر زم کی مثال قائم کی۔ تقریب میں حلقہ چامراج پیٹ کے32 مساجد اورکمیٹیو ں کے ذمہ داراں کے علاوہ 400سے زائد دلت لیڈران 150 صفائی کرمچاری شریک رہے۔ اس قبل امانت بینک کے ڈائرکٹر شفیع احمد نے تمام کا خیر مقدم اور ہدیہ تشکر پیش کیا۔اس موقع پر کانگریس لیڈر بی کے الطاف خان، سبحانیہ مسجد کمیٹی کے صدر بی ایس ثناء اللہ،سکریٹری ظفراللہ خان، اسکول ویلفیئر کمیٹی کے صدر بی ایس ضیاء اللہ خان، سابق نامزاد کارپوریٹر ہدایت اللہ،رضوان خان،شیخ با با، سی آر روی پرساد،کے علاوہ مسجد اور اسکول کمیٹی کے تمام عہدیدران اور اراکین، قائدین اور عمائدین بڑی تعداد میں شریک رہے۔ رکن اسمبلی ضمیر احمد نے تمام صفائی کرمچاریوں کو خود کھانے کی سربراہی کر تے ہو ئے بھائی چارہ کی مثال قائم کی۔