مختلف بریجس کی نشاندہی ، جی ایچ ایم سی کا دونوں شہروں میں منصوبہ
حیدرآباد۔3۔مارچ۔(سیاست نیوز) دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد میں کھیل کود کے میدانوں کی قلت کو دور کرنے کے لئے مجلس بلدیہ عظیم تر حیدرآباد نے شہر کے فلائی اوور برجس کے نیچے موجود مقامات کو ’’کھیل کود‘‘ کے مقامات کے طور پر ترقی دینے کا فیصلہ کیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ اگر اس منصوبہ پر بہتر انداز میں عمل آوری کی جاتی ہے تو ایسی صورت میں دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے کئی فلائی اوور برجس کے نیچے موجود مقامات جہاں سبزہ زار یا پارک کے طور پر ترقی دی گئی ہے ان کی جگہ اب کھیل کے مقامات کے طور پر استعمال کیا جاسکے گا۔ ذرائع کے مطابق جی ایچ ایم سی کے عہدیداروں نے ممبئی ‘ چینائی ‘کوئمبتور ‘ اندور کے علاوہ بعض دیگر شہروں میں فلائی اوورس کے نیچے کی جگہ کے استعمال کا جائزہ لینے کے بعد اس بات کا فیصلہ کیا ہے کہ ابتدائی طور پر ’’نیکسس مال‘‘ کوکٹ پلی ہاؤزنگ بورڈ کالونی ‘ موسیٰ پیٹ سرکل فلائی اوور کے نیچے پہلے ’اسپورٹس ایرینا‘ کی تعمیر کا فیصلہ کیاگیا ہے اور اس مقصد کے لئے 50 لاکھ روپئے خرچ کئے جا رہے ہیں ۔ بتایاجاتا ہے کہ اس فلائی اوورکے نیچے موجود جگہ کے استعمال کے لئے جو منصوبہ تیار کیا گیا ہے اس میں کرکٹ باکس‘ والی بال ہوک‘ اسکیٹنگ‘ بیاڈمینٹن کورٹ کے علاوہ ٹیبل ٹینس کے لئے جگہ فراہم کی جائے گی۔ مجلس بلدیہ کی جانب سے تیار کئے گئے منصوبہ کے مطابق 50لاکھ کی لاگت سے ان کاموں کو اندرون ایک ماہ مکمل کرلیا جائے گا اور اگر اس منصوبہ سے لوگ استفادہ کرتے ہیں اور یہ منصوبہ کامیاب ہوتا ہے تو ایسی صورت میں دونوں شہروں حیدرآباد وسکندرآباد کے دیگر فلائی اوورس کے نیچے موجود مقامات پر بھی اس طرح کے ’اسپورٹس ایرینا ‘ کی تعمیر کے اقدامات کئے جائیں گے۔ بتایاجاتا ہے کہ شہر میں کھیل کود کے لئے میدانوں کی قلت میں ہورہے اضافہ اور اسپورٹس کے لئے چھوٹے مقامات پر مختلف معیاری سہولتوں کی فراہمی کو دیکھتے ہوئے جی ایچ ایم سی کی جانب سے یہ منصوبہ بندی کی جا رہی ہے ۔ عہدیدارو ںکے مطابق فلائی اوورس کے نیچے موجود مقامات کے عدم استعمال کی صورت میں ان مقامات کا تحفظ مشکل ہوتا جا رہاہے اسی لئے ان مقامات پر پارکس کی تعمیراور سبزہ زار اگائے جا رہے ہیں لیکن ان کی دیکھ ریکھ کے لئے جی ایچ ایم سی کو مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑرہا ہے جبکہ اسپورٹس ایرینا کے طور پر ترقی دیئے جانے کی صورت میں یہ مقامات محفوظ اور خوبصورت بن جائیں گے۔3