انقرہ: ترکیہ میں قوم پرست ترکوں کے ایک گروپ سے وابستہ ترک نوجوانوں نے پیر کے روز امریکی فوجیوں پر حملہ کیا ہے ، جس کے بعد ترکیہ کی پولیس نے 15 ترک نوجوانوں کو حراست میں لے لیا اور تفتیش شروع کر دی ہے۔ ترکیہ نوجوان اس حملے کے دوران نعرے لگاتے رہے اور فلسطینیوں کے حق میں جذبات کا اظہار کرتے رہے۔انقرہ میں موجود امریکی سفارتخانے نے بھی اس واقعے کی تصدیق کر دی ہے۔ امریکی حکام کے مطابق امریکہ کو اس واقعے پر پریشانی ہے تاہم ترکیہ کی پولیس پوری ذمہ داری سے معاملے کو دیکھ رہی ہے۔تفصیلات کے مطابق ترک نیشلسٹ یوتھ گروپ نے ترکیہ کے علاقے ازمیر میں امریکی فوجیوں پر جسمانی طور پر حملہ کیا ہے۔ یہ ترک نوجوان ‘ ٹی جی بی ‘ کے ممبر تھے جو ترکیہ کی اپوزیشن جماعت وطن پارٹی کا ذیلی ونگ ہے۔ جب امریکی فوجیوں پر حملہ کیا گیا تو اس وقت دوامریکی فوجی عام شہری لباس میں تھے۔