فلم کالی کے پوسٹر پر سوشیل میڈیا میں زبردست تنازعہ

   

کالی ماں کی سگریٹ نوشی پر عوام کی برہمی، فلم میکر لینا کی گرفتاری کا مطالبہ
حیدرآباد ۔ 4 ۔ جولائی (سیاست نیوز) ملک میں فرقہ وارانہ کشیدگی کے ماحول میں ڈاکیومنٹری پوسٹر کالی کے منظر عام پر آنے سے سوشیل میڈیا پر زبردست مخالفت کی جا رہی ہے ۔ پوسٹر میں ہندو دیوی کالی ماں کو سگریٹ نوشی کرتے دکھایا گیا ۔ اس پوسٹر کی ریلیز کے ساتھ ہی تنازعہ کھڑا ہوگیا اور مختلف تنظیموں کے علاوہ انفرادی مخالفت شروع ہوچکی ہے۔ شاعر و فلم میکر لینا نے 2 جولائی کو ٹوئیٹر پر یہ پوسٹر ریلیز کیا جس کے ساتھ ہی عوامی ناراضگی کا آغاز ہوگیا۔ ٹوئیٹر یوزرس نے اس پوسٹرس کو ہندو طبقہ کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کا سبب قرار دیا ۔ ہندوؤں میں بھگوان کالی ماتا کو ماں و طاقتور شخصیت کے روپ میں دیکھا جاتا ہے ۔ طلبہ اور صحافیوں کی جانب سے بھی فلم میکر کی مذمت کی جارہی ہے ۔ سوشیل پلیٹ فارم پر لینا کی گرفتاری کا مطالبہ کرکے ہیش ٹیک شروع کیا گیا جو تیزی سے مقبول ہوا ہے اور لینا کی گرفتاری کے مطالبہ میں شدت پیدا ہوچکی ہے۔ پوسٹر کی اجرائی پر قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا جارہا ہے ۔ پوسٹر میں ایک خاتون کو جو کالی کے بھیس میں ہے، سگریٹ نوشی کرتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔ سوشیل میڈیا پر فلم میکر لینا کی بڑھتی مخالفت کیا رنگ لائے گی یہ آنے والے دنوں میں پتہ چلے گا۔ دہلی میں آلٹ نیوز کے صحافی محمد زبیر کو کئی سال قبل کے ٹوئیٹ پر گرفتار کرلیا گیا لیکن پولیس نے بھگوان کی توہین کے باوجود لینا کے خلاف ابھی تک کوئی کارروائی نہیں کی۔ر