فلک نما میں نوجوان کی خودسوزی

   

حیدرآباد : /26 جون (سیاست نیوز) پرانے شہر کے علاقہ فلک نما میں ایک شخص نے خودسوزی کرلی ۔ پولیس کے مطابق 20 سالہ محمد جمال ساکن میلاردیوپلی جو پیشہ سے درزی تھا علاقہ فلک نما میں ملازمت کیا کرتا تھا ۔ پولیس نے بتایا کہ متوفی نوجوان محسن کی دوکان میں کام کیا کرتا تھا اور جمال اکثر محسن کے افراد خاندان سے ملاقات کیا کرتا تھا ۔ ایک دن جمال نے محسن کی لڑکی سے شادی کا ارادہ ظاہر کیا جس پر محسن نے انکار کردیا اور جمال کے بڑے بھائی کو بھی اس کے بارے میں بتایا ۔ سب انسپکٹر فلک نما وینکٹیش نے بتایا کہ آج صبح اس نے اپنے مکان میں خود پر پٹرول چھڑک کر آگ لگالی جس میں وہ شدید طور پر جھلس گیا تھا اور مکان کی چھت سے نیچے گرپڑا ۔ دواخانہ میں منتقلی کے دوران وہ فوت ہوگیا اور پولیس نے اس سلسلہ میں ایک مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ جمال کے ارکان خاندان نے محسن پر ہراسانی کا الزام عائد کیا ہے ۔