فنکشن ہالس میں شور پرکنٹرول کی تفصیلات پیش کرنے ہائیکورٹ کی ہدایت

   

حیدرآباد 6مارچ(یواین آئی) تلنگانہ ہائی کورٹ نے حکومت کو ہدایت کی ہے کہ وہ فنکشن ہالس میں شور کو کنٹرول کرنے کے اقدامات کی تفصیلات پیش کرے ۔عدالت نے ریمارک کیا کہ صرف 10 ہزار روپے کا جرمانہ کیا جائے تو یہ معاملات نہیں رکیں گے ۔ ہائیکورٹ نے ایڈیشنل چیف انجینئر کرنل جے۔ ستیش بھردواج کے عدالت کو بھیجے گئے مکتوب کی مفاد عامہ کے طور پر سماعت کی گئی جس میں کہا گیا کہ کنٹونمنٹ علاقہ میں رات دیر بعد بھی شور حد سے باہر ہے ۔ اگر وہ ڈائل 100 پر کال کریں یا پولیس کو شکایت کریں تو وہ وقتی طور پر آتے جاتے ہیں لیکن کوئی سخت کارروائی نہیں کی جاتی۔ چیف جسٹس جسٹس آلوک ارادے اور جسٹس جے انیل کمار پر مشتمل بنچ نے سماعت کی۔
ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل نے اس سلسلہ میں جواب دینے کیلئے وقت مانگا چونکہ یہ کنٹونمنٹ ایریا میں ہے اس لیے کنٹونمنٹ بورڈ کو مدعا علیہ بنایا جائے ۔ درخواست گذارنے کہا کہ یہ مسئلہ صرف سکندرآباد کے دو ہالوں تک محدود نہیں ہے ، بلکہ شہر کے تمام حصوں میں ایک ہی مسئلہ موجود ہے ۔ آئندہ دسویں جماعت کے امتحانات کو مدنظر رکھتے ہوئے سخت اقدامات کیے جانے چاہئے ۔ اس معاملہ کی آئندہ سماعت 7 تاریخ تک ملتوی کر دی گئی۔