فیس بک کے دفتر پر یوتھ کانگریس کا دھرنا

,

   

کانگریس کے خلاف مہم کی مذمت: انیل کماریادو
حیدرآباد۔ تلنگانہ یوتھ کانگریس کی جانب سے آج گچی بائولی میں واقع فیس بک کے دفتر پر دھرنا منظم کیا گیا۔ یوتھ کانگریس کے صدر انیل کمار یادو کی قیادت میں احتجاجیوں نے فیس بک کے ڈائرکٹر انکی داس پر بی جے پی سے ملی بھگت کا الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ سوشل میڈیا کے ذریعہ کانگریس اور کانگریس قائدین کے خلاف مہم چلائی جارہی ہے۔ انہوں نے فیس بک ڈائرکٹر کے عہدے سے انکی داس کی برطرفی کا مطالبہ کیا۔ انیل کمار یادو نے الزام عائد کیا کہ بی جے پی اور مرکزی حکومت سے ملی بھگت کے ذریعہ فیس بک کو کانگریس کے خلاف پلیٹ فارم کے طور پر استعمال کیا جارہا ہے۔ فیس بک پر موجود قابل اعتراض مواد کو ہٹانے کے لیے کانگریس کی نمائندگی پر کوئی کارروائی نہیں کی گئی۔ انہوں نے کہا کہ راہول گاندھی اور دیگر قائدین نے فیس بک کے سربراہ کو مکتوب روانہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ انکی داس کی عہدے پر برقراری تک فیس بک کو غیرجانبدار قرارنہیں دیا جاسکتا۔ پولیس نے احتجاجیوں کو منتشر کرنے کی کوشش کی جو مرکزی حکومت اور انکی داس کے خلاف نعرے لگارہے تھے۔ بعد میں احتجاجیوں کو منتشر کردیا گیا۔