حیدرآباد۔10۔ مارچ (سیاست نیوز) تلنگانہ قانون ساز کونسل کے صدرنشین اور نائب صدرنشین کیلئے الیکشن کی تیاریاں شروع ہوچکی ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ جاریہ بجٹ سیشن کے دوران کونسل کے مستقل صدرنشین اور نائب صدرنشین کا انتخاب کرلیا جائے گا۔ اعلامیہ کی اجرائی کیلئے گورنر ڈاکٹر ٹی سوندرا راجن کو حکومت سفارشات روانہ کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ تقریباً دو ماہ سے کونسل کے صدرنشین کا عہدہ خالی ہے۔ کارگزار صدرنشین کی حیثیت سے امین الحسن جعفری خدمات انجام دے رہے ہیں۔ ٹی آر ایس کے ذرائع کے مطابق صدرنشین اورنائب صدرنشین کے عہدوں پر کامیابی کیلئے کونسل میں ٹی آر ایس کے پاس واضح اکثریت موجود ہے۔ صدرنشین کیلئے جو نام پارٹی میں زیر گشت ہیں، ان میں جی سکھیندر ریڈی اور ایس مدھو سدن چاری کے نام شامل ہیں جبکہ نائب صدرنشین کیلئے حال ہی میں کونسل کیلئے منتخب بنڈا پرکاش کا نام پارٹی حلقوں میں لیا جارہا ہے ۔ کونسل میں چیف وہپ اور وہپس کے چار عہدے خالی ہیں۔ ایم ایس پربھاکر راؤ کونسل میں واحد وہپ کے طور پر برقرار ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ سینئر رکن وی گنگا دھر گوڑ کو چیف وہپ کے عہدہ پر فائز کیا جائے گا ۔ صدرنشین و نائب صدرنشین کے علاوہ وہپس کے عہدوں پر ناموں کو قطعیت دینے کیلئے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ عنقریب پارٹی قائدین سے مشاورت کریں گے۔ کونسل کے عہدوں کیلئے کئی دعویدار میدان میں آچکے ہیں۔ اگر صدرنشین کا عہدہ اعلیٰ طبقات کو الاٹ کیا گیا تو نائب صدرنشین کے عہدہ پر بی سی طبقہ کو نمائندگی دی جاسکتی ہے۔ر