قدیم طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن کی ہدایت

   

آدھار و دیگر تفصیلات کے حصول پر حکم التواء میں 10 ڈسمبر تک توسیع
حیدرآباد : تلنگانہ ہائیکورٹ نے آج دھرانی پورٹل کے تحت غیرزرعی اراضیات کے رجسٹریشن پر حکم التواء کو /10 ڈسمبر تک توسیع دے دی ہے۔ عدالت نے حکومت سے کہاکہ تمام غیر زرعی اراضیات کا قدیم طریقہ کار کے مطابق رجسٹریشن کیا جائے تاہم ایسے رجسٹریشن کا انحصار عدالت میں داخل کردہ اُن درخواستوں کے فیصلے پر ہوگا جس کے ذریعہ ریاستی حکومت کے دھرانی پورٹل پر غیر زرعی اراضیات کے رجسٹریشن کے لئے آدھار اور دیگر تفصیلات کے حصول کے فیصلے کو چیلنج کیا گیا ہے۔ ہائیکورٹ نے دھرانی پورٹل میں لینڈ ریکارڈس کے اپڈیشن کے لئے آدھار ، کاسٹ اور ارکان خاندان کی تفصیلات کے حصول پر 10 ڈسمبر تک عبوری حکم التواء جاری کیا ہے۔ چیف جسٹس راگھویندر سنگھ چوہان اور جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل ایک بنچ نے دھرانی پورٹل سے متعلق جاری کئے گئے 3 جی او کو چیالنج کرتے ہوئے داخل کی گئی مفاد عامہ کی درخواست کی سماعت کے دوران حکم التواء کو مزید دو دن کیلئے اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ ایڈوکیٹ گوپال شرما کی جانب سے داخل کی گئی درخواست کی سماعت کے بعد چیف جسٹس نے کہا کہ حکومت دھرانی پورٹل کے سلسلے میں اپنا موقف واضح کریں اور اپنا جواب عدالت میں داخل کریں ۔ سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل بی ایس پرساد نے عدالت کو واقف کروایا کہ حکم التواء ہونے کے نتیجہ میں ریاست بھر میں رجسٹریشن کو روک دیا گیا ہے جس پر عدالت نے کہا کہ دھرانی پورٹل کے تحت حکم التواء ہے جبکہ پرانے طریقہ کار کے تحت رجسٹریشن کا سلسلہ جاری رکھ سکتے ہیں ۔ عدالت نے یہ بھی کہا کہ دھرانی پورٹل میں ایپ ڈیٹ کرنے کیلئے حاصل کئے جارہے تمام تفصیلات کو محفوظ رکھا جائے اور اس کیس کی سماعت کو جمعرات تک کیلئے ملتوی کردیا گیا۔