قرآن، نصیحت کیلئے آسان ہے

   

مریم النساء
اللہ تعالیٰ کا ارشاد ہے: ’’ہم نے اس قرآن کو نصیحت کے لئے آسان کردیا ہے، پس کیا ہے کوئی نصیحت حاصل کرنے والا‘‘ (سورۂ فجر۔۴۰) اس بات میں کوئی شک نہیں ہے کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی آخری کتاب ہے اور جس کی حفاظت کی ذمہ داری اللہ تعالیٰ نے خود لی ہے۔ قرآن مجید نہایت آسان اور واضح کتاب ہے۔ یہ ایک ایسی کتاب ہے، جس میں کوئی شک نہیں۔ قرآن کریم کو اللہ تعالیٰ نے صرف عربوں کے لئے ہی نازل نہیں کیا، بلکہ قرآن پاک تمام دُنیا والوں اور قیامت تک کے انسانوں کے لئے ہدایت و رحمت ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وآلہٖ ووسلم نے قرآن مجید کی تلاوت پر بہت زیادہ اجر و ثواب کی خوش خبری سنائی ہے۔ آپﷺ نے فرمایا: ’’قیامت کے دن قرآن،اپنے پڑھنے والے کے حق میں سفارش کرے گا، یا تو قرآن ہم پر حجت بنے گا یا ہمارے حق میں ہوگا‘‘۔
قرآن پاک کے ہم پر چار حقوق ہیں: (۱) پڑھنا (۲) سمجھنا (۳) عمل کرنا اور (۴) اسے دوسروں تک پہنچانا، لیکن ہم ان چاروں حقوق میں سے ایک بھی حق ادا نہیں کرتے۔ اگر پڑھتے بھی ہیں تو قرآن کو صرف مخصوص مواقع پر، جیسے کسی کے انتقال کے وقت یا کسی پر سے جادو وغیرہ کا اثر ہٹانے کیلئے۔ ہمارے پاس دوسری کتابیں پڑھنے یا ٹی وی وغیرہ دیکھنے کیلئے تو وقت ہے، لیکن قرآن پاک پڑھنے کیلئے وقت نہیں، حالانکہ ہمیں روزانہ کم از کم دو ہی آیت سہی، لیکن سمجھ کر پڑھنا چاہئے۔
قرآن پاک وہ عظیم کتاب ہے، جس پر عمل کرکے ہم اپنی زندگیوں میں انقلاب لاسکتے ہیں۔ اگر ہم قرآن کو چھوڑکر اپنی زندگیوں میں کامیابی تلاش کریں گے تو وہ ہمیں کہیں نہیں ملے گی۔ اسی قرآن پاک کو پڑھ کر اور اس پر عمل کرکے صحابۂ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے زمانے میں عظیم انقلاب پیدا کیا اور آج ہم اسی قرآن کو چھوڑنے کے نتیجے میں ناکام و نامراد اور خائب و خاسر ہیں۔ اگر ہم آج بھی قرآن پاک کو پڑھنا شروع کردیں اور ایک ہی آیت سہی لیکن روز پڑھیں اور اس پر عمل کریں تو ان شاء اللہ تعالیٰ ہم دُنیا و آخرت میں کامیاب ہوں گے۔ اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ وہ ہم سب کو قرآن پاک سمجھ کر پڑھنے کی توفیق عطا فرمائے۔ (آمین)