قرآن مجید پڑھنے اور پڑھانے والا خوش مقدر

   

حافظ محمد عبدالغنی ، مفتی جمال الدین قاسمی ، مولانا عمر عابدین قاسمی مدنی کا خطاب
حیدرآباد ۔ 9 ۔ مارچ : ( راست ) : مدرسہ تحفیظ القرآن الکریم تاڑبن میں مولانا حافظ محمد عبدالغنی کی صدارت میں تقسیم انعامات تقریب منعقد ہوئی ۔ مولانا حافظ محمد عبدالغنی نے صدارتی خطاب میں کہا کہ اللہ تعالیٰ سے محبت کی علامت قرآن مجید سے محبت ہونا ہے ۔ اور قرآن سے محبت ہونے کی علامت حضور ﷺ کی ذات گرامی سے محبت ہے ۔ جب چند اشخاص جمع ہو کر کسی جگہ بیٹھ کر قرآن مجید پڑھتے ہیں یا پڑھاتے ہیں تو ضرور ان پر اللہ تعالیٰ کی خاص رحمت نازل ہوتی ہے اور رحمت الہٰی ان کو ڈھانپ لیتی ہے اور فرشتے ان کو گھیر لیتے ہیں اور اللہ تعالیٰ اپنے پاس رہنے والوں سے ان کا تذکرہ فرماتا ہے ۔ قرآن پڑھنے والوں کی فضیلت اور ان کی خوش مقدری کا اندازہ ہوتا ہے کہ انہیں تلاوت کی برکت سے ان پر رحمت حق کا نزول ہوتا ہے وہ خوش نصیب شخص ہے جو قرآن مجید پڑھتے اور پڑھاتے ہیں ۔ مفتی جمال الدین قاسمی نے کہا کہ تم میں بہترین وہ شخص ہے جو قرآن پڑھے اور پڑھائے ، قرآن مجید پڑھنے اور پڑھانے والا اللہ تعالیٰ کا خاص محبوب بندہ ہے ۔ مولانا عمر عابدین قاسمی نے کہا کہ قرآن مجید اللہ تعالیٰ کی ایک ایسی کتاب جو امت محمدیہ کے لیے راہ ہدایت کا بھی ذریعہ ہے اور اس پر کامل ایماں رکھنے والوں کے لیے شفا ہے ، مسلمان مرد و عورت کو چاہئے کہ اپنی صبح کا آغاز عبادت ، تلاوت قرآن مجید ، ذکر اللہ سے کیا کرے اور شام کو آرام سے پہلے باوضو ہو کر دس منٹ ہی سہی کلام اللہ کی تلاوت کرلیا کریں ۔ مولانا نے کہا کہ دنیا کی ہر شئے سے افضل اعلیٰ و ارفع مقام حافظ قرآن کا ہے ۔ حافظ قرآن اپنے مقام و مرتبہ کو سمجھے محفل کا آغاز حافظ و قاری محمد زید عالم کی قرات سے ہوا ۔ نعت شریف محمد سرفراز علی ، شیخ حیدر علی نے سنائی ، حافظ محمد زکریا نے محفل کی کارروائی چلائی ۔ مہمان خصوصی کے ہاتھوں تقسیم انعامات و رپورٹ دئیے گئے ۔ اور مدرسہ ہذا کے اساتذہ کرام حافظ عبدالمبین ، حافظ محمد یحییٰ ، مولانا الیاس ، مولانا آزاد انور کو بھی بدست مہمانان خصوصی کے دریعہ انعام سے سرفراز کیا گیا ۔۔