قرآن مجید کی تلاوت کے ذریعہ اللہ سے اپنے تعلق کو مضبوط کرنے کی تلقین

   

نظام میوزیم میں قرآن مجید کے نسخوں کے عکس کی نمائش، مولانا جعفر پاشاہ کا خطاب
حیدرآباد 7 اپریل (راست) مولانا محمد حسام الدین ثانی عاقل جعفر پاشاہ امیر امارت ملت اسلامیہ تلنگانہ و آندھراپردیش نے مسلمانوں کو تلقین کی کہ وہ قرآن کریم کی تلاوت کو روز کا معمول بنالیں۔ قرآن کریم سے ہمارا تعلق جتنا قریب ہوگا ہم اللہ رب العزت سے اتنے ہی مزید قریب ہوتے جائیں گے۔ مولانا جعفر پاشاہ نے ان خیالات کا اظہار نظام میوزیم پرانی حویلی حیدرآباد میں قرآن مجید کے مقدس نسخوں کے عکس کی خصوصی نمائش کے افتتاح کے موقع پر کیا۔ یہ نمائش نظام میوزیم پرانی حویلی کے زیراہتمام منعقد کی گئی ہے۔ کیوریٹر نظام میوزیم جناب احمد علی نے مولانا جعفر پاشاہ کا خیرمقدم کیا اور گلپوشی کی۔ جناب حیدر حسینی اور جناب احمد علی نے قرآن مجید کے مختلف مقدس نسخوں کے عکس کے علاوہ یہاں موجود مختلف النوع نایاب و نادر اشیاء کا تفصیلی معائنہ کرایا۔ اس موقع پر جناب محمد حسام الدین ریاض، جناب سعادت علی، جناب منان علی رحمانی، محسن علی، حافظ محمد احمد، جناب احمد پاشاہ، حافظ دانش احمد اور دوسرے موجود تھے۔ جناب احمد علی نے بتایا کہ مرد و خواتین کے لئے یہ نمائش 17 اپریل تک روزانہ صبح 10 تا 3 بجے سہ پہر جاری رہے گی۔ انھوں نے بتایا کہ اس نمائش میں حجاز، مصر، ترکی، افریقہ، تیونس، چین اور ہمارے ملک کے نادر و نایاب قرآنی نسخوں کے عکس عوام کے مشاہدہ کے لئے رکھے گئے ہیں۔ مولانا جعفر پاشاہ نے قرآنی نسخوں کے عکس کی نمائش پر اظہار مسرت کرتے ہوئے عامۃ المسلمین سے خواہش کی کہ وہ ان قرآنی نسخوں کے عکس کا مشاہدہ کریں اور اپنے قلوب کو قرآنی آیات سے روشن و منور کریں۔