لاج سے ایک شخص کی نعش برآمد

   

حیدرآباد ۔ 5 جولائی (سیاست نیوز) ایس آر نگر پولیس نے ایک لاج سے نعش کو برآمد کرلیا جبکہ دوسرا نوجوان تشویشناک حالت میں پایا گیا۔ بتایا جاتا ہیکہ دونوں ساتھی تھے اور ان دونوں نے لاج کے کمرہ میں اپنا گلاکاٹ لیا جن میں ایک فوت ہوگیا۔ پولیس ایس آر نگر واقعہ کی تحقیقات کررہی ہے۔ پولیس کے مطابق 29 سالہ سریکانت ریڈی اور 24 سالہ نریش جنکا تعلق ریاست آندھراپردیش کے گنٹور سے بتایا گیا ہے، یہ دو نوجوان 2 جولائی کو حیدرآباد آئے تھے اور ایس آر نگر کے علاقہ میں واقع ایک لاج میں انہوں نے کمرہ حاصل کیا اور 4 جولائی کو کمرہ خالی کرنا تھا۔ تاہم کمرہ خالی نہ کرنے پر انتظامیہ نے ان سے رابطہ قائم کیا۔ دروازہ نہ کھولنے پر تشویش کا شکار انتظامیہ نے دروازہ کھول کر اندر داخل ہوئے اس وقت نریش اور ریڈی دونوں باتھ روم میں پائے گئے جنکے گلے کٹے ہوئے تھے۔ پولیس نے دونوں کو ہاسپٹل منتقل کیا جہاں ایک فوت ہوگیا۔ پولیس نے مقدمہ درج کرلیا ہے اور مصروف تحقیقات ہے۔