لاک ڈائون کی رعایتوں پر نظرثانی کیلئے گورنر کا مشورہ

   

نمس میں کورونا سے متاثرہ ڈاکٹرس کی عیادت، کورونا ٹسٹ کے اضافے کی ضرورت
حیدرآباد۔ 8 جون (سیاست نیوز) گورنر ٹی سوندرا راجن نے کہا کہ کورونا لاک ڈائون میں رعایتوں کے بعد سے پازیٹیو کیسس میں اضافہ ہوا لہذا حکومت کو اپنی پالیسی میں تبدیلی لانی چاہئے۔ گورنر نے آج نمس پہنچ کر کورونا متاثرہ ڈاکٹرس اور طبی عملے کی عیادت کی۔ انہوں نے کہا کہ کورونا کا مقابلہ کرنے والے ڈاکٹرس کا متاثر ہونا افسوسناک ہے۔ انہوں نے ڈاکٹرس و نیم طبی عملے کا حوصلہ بڑھانے نمس کا دورہ کیا۔ بعد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے گورنر نے کہا کہ انڈین کونسل فار میڈیکل ریسرچ کے شرائط کے مطابق اگر کورونا ٹسٹ کئے جائیں تو موجودہ مریضوں کی تعداد میں اضافہ ہوسکتا ہے۔ گورنر نے ٹسٹ کی تعداد میں اضافے کی تجویز پیش کی۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ حکومت اس سلسلہ میں قدم اٹھاتے ہوئے ٹسٹوں کی تعداد میں اضافہ کریگی۔ گورنر نے نمس عہدیداروں اور ڈاکٹرس کے ساتھ کورونا صورتحال کا جائزہ لیا اور ہاسپٹل میں دیگر مریضوں کو کورونا سے بچانے اقدامات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ کورونا کے خلاف لڑائی میں آگے رہنے والے ڈاکٹرس اور نیم طبی عملے کی حوصلہ افزئی کیلئے پہنچی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ عوام کو کورونا سے خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے۔ کیونکہ حکومت عوام کے تحفظ کیلئے ہر ممکن اقدامات کررہی ہے۔ نمس میں چار پروفیسرس، 8 ریسیڈنٹ ڈاکٹرس اور 8 پیرا میڈیکل اسٹاف میں کورونا کی علامات پائی گئی تھیں۔ کئی ڈاکٹرس کو کورنٹائن میں رکھا گیا ۔ گورنر نے ڈاکٹرس اور نیم طبی عملے کی عاجلانہ صحتیابی کے لیے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ گورنر نے عوام کو احتیاطی تدابیر اختیار کرنے اور چوکسی کا مشورہ دیا۔ سوندرا راجن نے کورونا سے فوت ہونے والے صحافی منوج کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے پسماندگان سے تعزیت کا اظہار کیا۔