لبنان نے اسرائیل کیساتھ سمندری حد بندی معاہدہ کو منظور کرلیا

   

بیروت: لبنانی صدر میشل عون نے اپنے ملک کی طرف سے اسرائیل کے ساتھ سمندری سرحدی حد بندی کے معاہدے کی منظوری کا اعلان کرتے ہوئے اسے ایک تاریخی کامیابی قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ صہیونی ریاست کے ساتھ تعلقات معمول پر لانے کی کوشش نہیں بلکہ یہ لبنان کے وسیع تر قومی مفاد میں کیا گیا ہے۔گذشتہ روز معاہدے کی منظوری کے موقع پر ایک تقریر میں میشل عون نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اسپیکر وزیر اعظم سے مشاورت کے بعد اور ریاست کے سربراہ کی حیثیت سے مجھے امریکی صدر جو بائیڈن کی طرف سے اسرائیل کی منظوری سے آگاہ کرنے کے بعد میں نے سرحدوں کی حد بندی کے لیے امریکی ثالث کے تیار کردہ حتمی فارمولے کو اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ عون نے اس معاہدے کو تاریخی کامیابی قرار دیتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس سے لبنانی مفادات اور مطالبات پورے ہوں گے اور ہمارے حقوق کا تحفظ ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ اس معاہدے کے ذریعے لبنان نے متنازع علاقہ کا 860 مربع کلومیٹر واپس حاصل کیا ہے۔ میشل عون نے کہا کہ اس معاہدے میں ہماری زمینی سرحدوں کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہیں کی گئی۔