لبنان پر اسرائیل کے فضائی حملے، 10 شہری ہلاک

   

بیروت : حزب اللہ نے جمعرات کو کہا ہے کہ اس نے جنوبی لبنان میں اسرائیل کے حملوں میں اپنے دس شہریوں کی ہلاکت کے جواب میں ابتدائی کارروائی کرتے ہوئے شمالی اسرائیل پر درجنوں راکٹ داغے ہیں۔ اقوام متحدہ نے غزہ میں اسرائیل کی کارروائی شروع ہونے کے بعد سے اسرائیل اور لبنان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو خطرناک قرار دیا ہے اور زور دیا ہے کہ اسے روکا جائے۔ اس سے قبل لبنان کے سرکاری میڈیا نے کہا تھا کہ لبنان میں اسرائیل کے دو فضائی حملوں میں عام شہریوں کی اموات کی تعداد بڑھ کر دس ہو گئی ہے۔ جب کہ گزشتہ روز کا حملہ چار ماہ سے زیادہ عرصے کی سرحد پار جھڑپوں میں ہلاکت خیزی میں سنگین تھا۔ اسرائیل کی فوج نے کہا کہ اس کی کارروائی میں عسکریت پسند گروپ حزب اللہ کی ایلیٹ رضوان فورس کے ایک سینئر کمانڈر علی دبس ہلاک ہوئے ہیں جو اسرائیلی فوج کے مطابق گزشتہ سال اسرائیل کے اندر ایک حملہ میں اہم کردار تھے۔