لوک سبھا الیکشن: دوسرے مرحلہ کیلئے نامزدگیوں کے ادخال کا آغاز

   

نئی دہلی :لوک سبھا انتخابات کے دوسرے مرحلے میں 12 ریاستوں کی 88 پارلیمانی نشستوں کیلئے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا عمل 28 مارچ کو شروع ہو گیا۔26 اپریل کو ہونے والے پارلیمانی انتخابات کے دوسرے مرحلے کا نوٹیفکیشن صدر کی جانب سے 28 مارچ کو الیکشن کمیشن نے جاری کیا۔5 اپریل کو جموں و کشمیر کے علاوہ ان تمام ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کاغذات نامزدگی کی جانچ کی جائے گی۔ 26 اپریل کو دوسرے مرحلہ میں ووٹنگ ہوگی۔ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 4 اپریل ہے۔ 5 اپریل کو نامزدگیوں کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ جموں و کشمیر میں 6 اپریل کو کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ 8 اپریل کو واپسی کی آخری تاریخ ہے۔ نتائج 4جون کو جاری کئے جائیں گے۔نوٹیفکیشن کی اجرائی کے ساتھ ہی ریاستوں میں انتخابی سرگرمیاں شروع ہوگئی ہیں ۔پہلے مرحلہ کیلئے نامزدگیوں کے ادخال کا عمل27مارچ کو مکمل ہوگیا ہے۔پہلے مرحلہ میں21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں کل 102 پارلیمانی حلقوں کیلئے 19 اپریل کو ووٹ ڈالے جائیں گے۔پہلے مرحلے کے لیے پرچہ نامزدگی کی جانچ پڑتال 28 مارچ کو ہوگی اور کاغذات نامزدگی واپس لینے کی آخری تاریخ 30 مارچ ہے۔لوک سبھا الیکشن کو لیکر ملک بھر میں سیاسی سرگرمیاں عروج پر ہیں ۔
19 اپریل کو پہلے مرحلے میں جن سیٹوں پر پولنگ ہو رہی ہے۔ ان میںٹاملناڈو کی 39 سیٹیں، راجستھان کی 12 سیٹیں، اتر پردیش کی آٹھ سیٹیں، مدھیہ پردیش کی چھ سیٹیں، اتراکھنڈ، آسام اور مہاراشٹرا کی پانچ سیٹیں شامل ہیں۔ بہار کی چار نشستیں، مغربی بنگال کی تین نشستیں، اروناچل پردیش، منی پور، میگھالیہ کی دو‘ دو نشستیں اور چھتیس گڑھ، میزورم، ناگالینڈ، سکم، تریپورہ، انڈمان اور نکوبار جزائر، جموں و کشمیر، لکشدیپ اور پڈوچیری کی ایک ایک نشست شامل ہیں۔