لوک سبھا انتخابات: پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کا اختتام

,

   

120 حلقوں میں کل رائے دہی ‘ سخت سیکوریٹی انتظامات

نئی دہلی : لوک سبھا انتخابات کے پہلے مرحلے کی انتخابی مہم کا زبردست شور شرابا اور جوش و جذبہ کے ساتھ آج شام اختتام عمل میں آیا۔ اس مرحلے میں ملک کی 21 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کی 102 لوک سبھا سیٹوں کے لیے 19 اپریل کو ووٹنگ ہوگی۔ الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ گائیڈ لائنز کے مطابق جن سیٹوں پر پہلے مرحلے میں ووٹنگ ہونے جا رہی ہے ان کے لیے انتخابی مہم 48 گھنٹے پہلے یعنی آج چہارشنبہ کی شام 4 بجے سے شام 6 بجے کے درمیان الگ الگ اوقات میں ختم ہو گئی۔پہلے مرحلے میں اتر پردیش کی 8، بہار کی 4، مغربی بنگال کی 3، راجستھان کی 12، مدھیہ پردیش کی 6، اتراکھنڈ کی 5، آسام کی 4، میگھالیہ کی 2، منی پور کی 2، چھتیس گڑھ کی 1، اروناچل پردیش کی 2، مہاراشٹر اکی 5، تمل ناڈو کی 39، میزورم کی 1، ناگالینڈ کی 1، سکم کی 1، تریپورہ کی 1، انڈمان اور نکوبار کی 1، جموں و کشمیر کی 1، لکشدیپ کی 1، پڈوچیری کی 1 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔اتر پردیش کی جن 8 سیٹوں پر ووٹنگ ہونے جا رہی ہے ان میں سہارنپور، کیرانہ، مظفر نگر، بجنور، نگینہ، مراد آباد، رام پور اور پیلی بھیت کی سیٹیں شامل ہیں۔ پہلے مرحلے میں بہار کی چار سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی، ان میں اورنگ آباد، گیا، جموئی اور نوادہ شامل ہیں۔ مدھیہ پردیش کی چھ لوک سبھا سیٹوں میں چھندواڑہ، بالاگھاٹ، جبل پور، منڈلا، سدھی اور شہڈول کی سیٹیں شامل ہیں۔ مہاراشٹرا کی 6 سیٹوں میں گڑچرولی، چمور، رام ٹیک، چندر پور، بھنڈارہ-گوندیا اور ناگپور کی سیٹیں شامل ہیں۔اس کے ساتھ ہی پہلے مرحلے میں ٹاملنا ڈو کی تمام 39 سیٹوں پر ووٹنگ ہوگی۔ ٹاملنا ڈو کی 39 سیٹوں میں نیل گری، کوئمبٹور، پولاچی، ڈنڈیگل، کرور، تروچیراپلی، پیرمبلور، ترووالور، چنئی نارتھ، چنئی ساؤتھ، چنئی سنٹرل، ناگاپٹنم، تھنجاوور، سیوا گنگائی، مدورائی، تھینی، سریپرمبدور، کانچی پور، اراکونم، ویلور، کرشناگری، ترونیل ویلی، کنیاکماری، دھرما پوری، ترووننمائی، ارنی، ویلوپورم، کلاکوریچی، سیلم، نامکل، ایروڈ، تروپور، کڈالور، چدمبرم، مائیلادوتھرائی، ویردھونگر، رامناتھ پورم، تھوتھکوڈی اور ٹینکا شامل ہیں۔پہلے مرحلہ کی رائے دہی کیلئے سخت سیکوریٹی انتظامات کئے گئے ہیں ۔لوک سبھا الیکشن کے پہلے مرحلہ کیلئے تمام جماعتوں نے جوش خروش اور جذبہ کے ساتھ انتخابی مہم چلائی ۔تمام جماعتوں نے اپنے اپنے امیدواروں کی کامیابی کا بھی دعویٰ کیا ہے ۔واضح رہے کہ لوک سبھا کے پہلے مرحلہ کے لیے 16 مارچ کو پریس نوٹ جاری ہوا تھا۔ بعد ازاں 20 مارچ کو نوٹیفکیشن جاری کیا گیا۔ 27 مارچ کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی اور 28 مارچ کو اس کی اسکروٹنی کی گئی۔ امیدواری واپس لینے کی آخری تاریخ 30 مارچ تھی۔ اب سبھی کو 19 اپریل کا انتظار ہے جب عوام حق رائے دہی کا استعمال کریں گے۔ سبھی سات مراحل کی ووٹنگ کے بعد نتائج کا اعلان ایک ساتھ 4 جون کو کیا جائے گا۔