لوک سبھا چناؤ ، تلنگانہ میں کانگریس اور آندھراپردیش میں تلگو دیشم کو سبقت

   

17 میں کانگریس کو 10 نشستوں پر کامیابی ، بی جے پی 4 اور بی آر ایس کو 2 نشستیں، خانگی نیوز چیانل کا اوپنین پول
حیدرآباد ۔ 15 ۔ مارچ (سیاست نیوز) ملک میں لوک سبھا انتخابات کی مہم کے آغاز سے قبل مختلف میڈیا اداروں کی جانب سے اوپنین اور سروے پول جاری کئے جارہے ہیں۔ تلگو ریاستوں آندھراپردیش اور تلنگانہ کے امکانی نتائج کے بارے میں خانگی نیوز چیانل نیٹ ورک 18 نے اپنی سروے رپورٹ میں پیش قیاسی کی ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس اور آندھراپردیش میں تلگو دیشم کو برتری حاصل رہے گی۔ تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں کے بارے میں سروے میں بتایا گیا ہے کہ کانگریس پارٹی کو 10 نشستوں پر کامیابی حاصل ہوگی۔ بی جے پی 4 اور بی آر ایس کو 2 نشستیں حاصل ہوں گی اور مجلس اپنی روایتی حیدرآباد لوک سبھا نشست پر کامیاب رہے گی۔ آندھراپردیش کی 25 لوک سبھا نشستوں میں تلگو دیشم ، جنا سینا اور بی جے پی اتحاد کو 20 نشستوں پر کامیابی کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ تلنگانہ میں کانگریس کا مظاہرہ مزید بہتر ہوسکتا ہے۔ ووٹ فیصد کے اعتبار سے کانگریس کو 43 فیصد ووٹ حاصل ہوسکتے ہیں جبکہ بی آر ایس کو 28 اور بی جے پی کو 25 فیصد ووٹ ملنے کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ سروے میں کہا گیا ہے کہ آندھراپردیش میں برسر اقتدار وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا تلگو دیشم ، جنا سینا اور بی جے پی اتحاد سے راست مقابلہ ہوگا اور این ڈی اے کو 20 نشستوں پر کامیابی ملے گی جبکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی محض 5 نشستوں تک محدود ہوجائے گی۔ تلگو دیشم اور اس کی حلیف جماعتوں کو 45 فیصد ووٹ حاصل ہوں گے جبکہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی 42 فیصد ووٹ حاصل کرسکتی ہے ۔ کانگریس کو محض 3 فیصد ووٹ ملنے کی پیش قیاسی کی گئی اور اسے لوک سبھا کی ایک بھی نشست پر کامیابی نہیں ملے گی۔ کرناٹک میں کانگریس حکومت کے اقتدار کے باوجود بی جے پی ۔جے ڈی ایس اتحاد کے بہتر مظاہرہ کی پیش قیاسی کی گئی ہے ۔ ریاست کی جملہ 28 لوک سبھا نشستوں میں بی جے پی اور اس کی حلیف جے ڈی ایس کو 23 نشستوں پر کامیابی کا امکان ہے جبکہ کانگریس کو 5 نشستیں حاصل ہوں گی۔ ٹاملناڈو اور کیرالا میں بی جے پی کا مظاہرہ مایوس کن رہے گا۔ ٹاملناڈو کی 39 لوک سبھا نشستوں میں ڈی ایم کے۔کانگریس اتحاد کو سبقت حاصل رہے گی جبکہ کیرالا میں 20 لوک سبھا نشستوں پر کانگریس زیر قیادت محاذ 16 نشستوں پر کامیابی حاصل کرسکتا ہے۔ بائیں بازو محاذ کو 4 اور بی جے پی کو ایک نشست ملنے کا امکان ہے۔ واضح رہے کہ ایک اور میڈیا ادارہ اے بی پی ۔سی ووٹر کے سروے کے مطابق تلنگانہ کی 17 لوک سبھا نشستوں میں بی جے پی 8 پر کامیاب رہے گی جبکہ کانگریس کو 6 اور بی آر ایس کو 2 نشستوں پر کامیابی کا امکان ہے ۔ سروے کے مطابق کانگریس کو 34 فیصد اور بی جے پی کو 28 فیصد ووٹ حاصل ہوں گے۔ بی آر ایس کو 27 فیصد ووٹ ملنے کا امکان ہے ۔ تلنگانہ میں کانگریس ، بی جے پی اور بی آر ایس کے درمیان سہ رخی مقابلہ رہے گا۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے 13 لوک سبھا حلقوں پر کامیابی کی حکمت عملی تیار کی ہے ۔ بی آر ایس اور بی جے پی کے سینئر قائدین اور عوامی نمائندوں کے کانگریس کی طرف جھکاؤ سے ریونت ریڈی کو یقین ہے کہ کانگریس 13 سے زائد نشستوں پر کامیاب رہے گی۔ 1