لوک سبھا چناؤ کیلئے بی جے پی کی سرگرم تیاریاں

   

الیکشن شیڈول کی اجرائی کے بعد مودی کا تین مراحل میں دورہ تلنگانہ
حیدرآباد۔/10 مارچ، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات میں 10 حلقوں پر کامیابی کی حکمت عملی میں مصروف بی جے پی نے وزیر اعظم مودی کے مزید پروگراموں کو قطعیت دی ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی انتخابی شیڈول کی اجرائی کے بعد تین مرتبہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے۔ وزیر اعظم نے حال میں دو دن تلنگانہ کا دورہ کرکے عادل آباد اور سنگاریڈی میں جلسوں سے خطاب کیا تھا۔ وزیر داخلہ امیت شاہ اور قومی صدر جے پی نڈا کے علاوہ مرکزی وزراء تلنگانہ کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ وزیر اعظم کے روڈ شو سکندرآباد لوک سبھا کے تحت سیٹلرس علاقوں میں کئے جائیں گے۔ ذرائع کے مطابق 12 مارچ کو امیت شاہ تلنگانہ کا دورہ کریں گے اور 11 بجے دن سوشیل میڈیا واریئرس سے ملاقات ہوگی۔ امیت شاہ لال بہادر اسٹیڈیم میں بوتھ سطح صدور اور قائدین سے خطاب کریں گے۔ ہر بوتھ میں پارٹی کو کم از کم 370 ووٹ حاصل ہونے کا نشانہ مقرر کیا گیا ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ بی جے پی نے لوک سبھا چناؤ میں 370 نشستوں پر کامیابی کا نشانہ مقرر کیا ہے اسی اعتبار سے ہر بوتھ میں کم از کم 370 ووٹ حاصل کرنے کی منصوبہ بندی ہے۔1