لڑکی نے دل چُرالیا، پولیس میں نوجوان کی شکایت

   

ناگپور 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) مہاراشٹرا کے شہر ناگپور اب خود کو ایک عجیب و غریب صورتحال میں محسوس کررہے ہیں کیوں کہ ایک نوجوان اپنے ’مسروقہ دل‘ کو تلاش کرنے کی درخواست کے ساتھ ان سے رجوع ہوا ہے۔ پولیس کے ایک سینئر عہدیدار نے آج کہاکہ یہ عجیب اور حیرت انگیز واقعہ حال ہی میں ناگپور کے ایک پولیس اسٹیشن میں پیش آیا۔ جہاں ایک نوجوان یہ شکایت درج کروانا چاہتا تھا کہ ایک لڑکی نے اس کا ’دل چرالیا‘ ہے اور پولیس کو اس کا دل تلاش کرتے ہوئے واپس لانا چاہئے۔ پولیس کو بالعموم مختلف اشیاء کے سرقہ کی شکایات موصول ہوئی ہیں لیکن اس قسم کے عجیب واقعہ نے پولیس اسٹیشن کے انچارج کو مخمصہ میں ڈال دیا ہے اور اس مسئلہ سے نمٹنے اپنے افسرانِ بالا سے رابطہ کیا ہے۔ ان کے افسرانِ بالا نے غیر رسمی طور پر اس مسئلہ پر تبادلہ خیال کیا اور یہ نتیجہ اخذ کیاکہ ہندوستانی قوانین میں ایسی کوئی دفعہ نہیں ہے جس کے تحت اس نوجوان کی شکایت سے نمٹا جاسکتا ہے۔ بالآخر پولیس اہلکاروں نے نوجوانوں سے کہہ دیا کہ ان کے پاس اُس کے مسئلہ کا حل نہیں ہے اور اُس کو واپس چلا دیا۔ ناگپور کے کمشنر بھوشن کمار اپادھیائے کو گزشتہ ہفتہ ایک پروگرام میں لڑکی کے ہاتھوں نوجوان کے دل کی چوری کے واقعہ سے واقف کرایا گیا جہاں 82 لاکھ روپئے مالیتی مسروقہ اشیاء ان کے متعلقہ مالکین کے حوالہ کیا جارہا تھا۔ بعدازاں کمشنر اپادھیائے نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے مزاحیہ انداز میں مسکراتے ہوئے کہاکہ ’ہم مسروقہ مال واپس کرسکتے ہیں لیکن بعض اوقات ایسی بھی شکایات موصول ہوتی ہیں جنھیں ہم حل نہیں کرسکتے‘۔