لیموں صرف پھل نہیں دوا بھی ہے

   

پوری دنیا اس معجزہ نما پھل کے فوائد سے واقف ہے۔یہ صحت کیلئے بے حد مفید ہے اور اس میں موجود وٹامن Cجو اس پھل کو ترش بناتاہے، صحت کا بے مثال خزانہ ہے۔اس کا استعمال ویسے تو ہر موسم میں ہوتاہے لیموں کے پودے میں سال میں 2بار پھل آتے ہیں۔لیموں کا استعمال تقریباً ہر گھر میں روزانہ ہوتاہے کیونکہ صدیوں سے ہم سنتے چلے آرہے ہیں کہ یہ کس درجہ مفید پھل ہے۔ لیموں صرف ایک پھل ہی نہیں بلکہ دوا بھی ہے۔اس کے عرق کو کئی انداز سے استعمال کیا جاتاہے۔اس کے عرق کے استعمال کا سب سے بہتر طریقہ تو یہ ہے کہ اس کے رس کو آپ پانی میں حل کرکے استعمال کریں۔ویسے اس کا عرق اسکواش اور اسی قسم کے دیگر مشروبات میں بھی حل کرکے استعمال کیا جاتا ہے ۔ سلاد میں لیموں کا استعمال ہماری تہذیب کا حصہ بنتا جا رہا ہے۔اس سے سلاد کا ذائقہ بھی بہتر ہو جاتاہے اور اس کی افادیت بھی بڑھ جاتی ہے۔اس کے استعمال کے بے شمار طریقے ہیں۔اسے مختلف سالنوں میں بھی شامل کیا جاتاہے۔دال‘سوپ ،سبزی‘ گوشت ‘ اچار غرض یہ کہ ہر انداز سے اس کا استعمال ہوتا چلا آرہا ہے۔لیموں میں بھر پور صحت بخش ترش آمیز غذائیت ہوتی ہے۔