مئیر گدوال وجئے لکشمی اور ڈاکٹر کے کیشور راؤ بھی کانگریس میں شامل ہونگے

   

لوک سبھا انتخابات سے قبل بی آر ایس کو بڑا جھٹکا ۔ سابق وزیر اندرا کرن ریڈی بھی کانگریس میںشامل ہونگے ۔کیشو راؤ کی کے سی آر سے تلخ کلامی

حیدرآباد۔/28 مارچ، ( سیاست نیوز) لوک سبھا انتخابات سے قبل بی آر ایس کو ایک اور دھکا لگنے والا ہے۔ میئر حیدرآباد جی وجئے لکشمی نے اعلان کیا ہے کہ وہ 30 مارچ کو چیف منسٹر ریونت ر یڈی سے ملاقات کرکے کانگریس میں شامل ہوجائیں گی۔ دوسری طرف ان کے والد بی آر ایس جنرل سکریٹری و رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے بی آر ایس کے سربراہ و سابق چیف منسٹر کے سی آر سے ملاقات کرکے واضح کردیا کہ وہ بھی کانگریس میں شامل ہوجائیں گے۔ دونوں قائدین میں گرما گرما مباحث ہونے کی بھی اطلاعات ملی ہیں ۔ ان سیاسی سرگرمیوں کے دوران سابق وزیر اندرا کرن ریڈی بھی کیشو راؤ کی قیامگاہ پہنچ گئے۔ بتایا جارہا ہے کہ وہ بھی کانگریس میں شامل ہونگے۔ ہفتہ دس دن سے میئر حیدرآباد وجئے لکشمی اور ان کے والد ڈاکٹر کے کیشو راؤ کانگریس میں شامل ہونے کی قیاس آرائیاں تھیں۔ میئر حیدرآباد گدوال وجئے لکشمی نے آج اعلان کردیا کہ وہ 30 مارچ کو کانگریس میں شامل ہوں گی۔ گریٹر حیدرآباد کی ترقی کیلئے ان کی حکمراں جماعت میں شمولیت لازمی ہے اور وہ کانگریس میں شامل ہونے کا فیصلہ کرچکی ہیں۔ دوسری جانب رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے آج فارم ہاوز پہنچ کر بی آر ایس کے سربراہ کے سی آر سے ملاقات کی۔ چندر شیکھر راؤ نے میئر حیدرآباد وجئے لکشمی اور کیشو راؤ کی سیاسی سرگرمیوں پر اعتراض کرکے کہا کہ بی آر ایس پارٹی نے کیشو راؤ اور ان کے خاندان کو سب کچھ دیا ہے باوجود اس کے پارٹی تبدیل کرنے کے فیصلہ پر ناراضگی اور برہمی کا اظہار کیا ۔ ذرائع نے بتایا کہ کیشو راؤ نے بھی سخت و لب و لہجہ میں بات کی ہے۔ پتہ چلا کہ کیشوراؤ نے اپنا مکتوب استعفی کے سی آر کو پیش کردیا ہے۔ تاہم کیشو راؤ یا کے سی آر نے اس کی تصدیق نہیں کی ہے۔ فارم ہاوز میں ملاقات کرکے اپنی قیامگاہ پہنچنے والے کیشوراؤ کی میڈیا نے ویڈیو گرافی کی جس پر کیشوراؤ نے ناراضگی کا اظہار کیا۔ اسی دوران کیشوراؤ کی قیامگاہ پر سابق وزیر اندرا کرن ریڈی پہنچ گئے ، وہ بھی کانگریس میں شامل ہونے تیاریاں کررہے ہیں اور بی آر ایس کی سرگرمیوں سے دوری بنائی ہوئی ہے۔ اس دوران رکن راجیہ سبھا ڈاکٹر کے کیشوراؤ نے کانگریس میں شمولیت کے تعلق سے اہم بیان جاری کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ان کا ذاتی گھر ہے، تیرتھ یاترا کو جانے والے کبھی نہ کبھی گھر کو پہنچتے ہیں وہ بھی اپنے ذاتی گھر کانگریس میں شامل ہو رہے ہیں۔ کیشوراؤ نے کہا کہ انہوں نے 53 سال تک کانگریس میں کام کیا ہے، بی آر ایس میں صرف 10 سال کام کیا ہے۔ کانگریس نے ہی علحدہ تلنگانہ تشکیل دیا ہے۔ وہ پہلی مرتبہ کانگریس ٹکٹ پر راجیہ سبھا کیلئے منتخب ہوئے تھے۔ وہ پیدا ہوئے اور بڑے ہوئے کانگریس میں اور اُسی پارٹی میں آخری سانس لینا چاہتے ہیں، وہ ابھی بی آر ایس سے مستعفی نہیں ہوئے جس دن ان کی دختر کانگریس میں شامل ہورہی ہیں وہ اُسی دن کانگریس میں شامل نہیں ہوں گے، کب شامل ہوں گے اس کا بہت جلد اعلان کریں گے۔ اندرا کرن ریڈی بھی کانگریس میں شامل ہوں گے تام ان کے فرزند وپلا راؤ بی آر ایس میں رہیں گے۔2