مائیکرو ویو میں کن غذاؤ ں کو دوبارہ گرم کرنا صحت کیلئے مضر

   

حیدرآباد ۔ بیشتر افراد کو فریج میں رکھا ہوا ٹھنڈا کھانا بغیرگرم کئے کھانا پسند نہیں ہوتا تاہم اسے جب گرم کرنے کی بات آتی ہے تو ہر ایک مائیکرو ویوکا انتخاب کرتا ہے، کیونکہ مائیکرو ویو میں کھانا کم وقت اور آسانی سے گرم ہوجاتا ہے۔ لیکن کیا آپ جانتے ہیں کہ چند تحقیقی رپورٹس میں یہ بات سامنے آئی ہے کہ کچھ کھانے ایسے ہیں جنہیں مائیکرو ویو میں دوبارہ گرم کرنا مضر صحت ثابت ہوسکتا ہے۔ درج ذیل ایسی ہی چند غذاؤں کا تذکرہ کر رہے ہیں جنہیں مائیکرو ویو میں گرم کرنے سے گریزکرنا چاہیئے۔
چاول: چاول ایسی چیز ہے جسے اکثر مائیکرو ویو میں گرم کیا جاتا ہے تاہم یہ صحت کے لئے نقصان دہ ثابت ہوسکتا ہے۔ ماہرین کے مطابق چاول کو مسلسل مائیکرو ویو میں گرم کرکے کھانے سے فرائیڈ رائس سنڈروم ہوسکتا ہے۔
آلو: آلو بہت سے لوگوں کو پسند ہیں۔ ان کے بارے میں عام تاثر یہی ہے کہ آلو جلدی پکائے جاسکتے ہیں اور انہیں محفوظ کرنے کے بعد دوبارہ گرم کر کے کھایا جا سکتا ہے، لیکن اگر انہیں پکانے کے بعد فوری طور پر فریج میں نہ رکھا جائے توکمرے کے درجہ حرارت میں ان کے اندر ایک بیکٹریا پیدا ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔ یہ بیکٹریا مائیکروویو میں آلو دوبارہ گرم کرنے پر مرتا نہیں، تو اگر آپ آلوکو دوبارہ گرم کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں تو بہتر یہ ہے کہ انہیں جلد ہی فریج میں رکھ دیں اور دوبارہ گرم کرنے کے لیے کسی برتن میں ڈال کر چولہے پر چند منٹوں تک دوبارہ گرم کر لیں۔
چکن: چکن کو مائیکروویو میں دوبارہ گرم کرنے کا بھی کچھ ایسا ہی معاملہ ہے، جب ٹھنڈے چکن کو دوبارہ مائیکرو ویو میں گرم کیا جاتا ہے تو اس میں موجود پروٹین میں تبدیلیاں آتی ہیں جو نظام ہاضمہ کے مسائل کا باعث بن سکتی ہیں، اگر آپ دوبارہ گرم کرنا چاہتے ہیں تو اس بات کو یقینی بنائیں کہ اسے اتنا گرم کیا جائے کہ اس کا اندرونی حصہ بہت زیادہ گرم ہوجائے۔
انڈے: چکن کی طرح ان میں بھی پروٹین ہوتا ہے یعنی اسے ٹھنڈا کرنے کے بعد دوبارہ گرم کرنا بھی خطرے سے خالی نہیں، یہ نظام ہاضمہ کو نقصان پہنچا سکتے ہیں۔ انڈے پروٹین حاصل کرنے کا بہترین ذریعہ ہیں لیکن ابلے ہوئے، تلے ہوئے یا آملیٹ بنائے ہوئے انڈوں کو دوبارہ گرم کرنا انتہائی مضر صحت ثابت ہو سکتا ہے۔ زیادہ پروٹین والی خوراک میں نائٹروجن کی بڑی مقدار بھی موجود ہوتی ہے جو گرم ہونے پر زہریلی ہو سکتی ہے اور یہ سرطان کا سبب بھی بن سکتی ہے۔ اس لئے بہتر ہے کہ انڈے کو مائیکروویو سمیت کسی بھی طرح گرم نہ کریں۔
چقندر : چقندر میں نائٹریٹ ہوتی ہے اور اسے مائیکرو ویو میں دوبارہ گرم ہونے کی صورت میں پیٹ کا درد ہوسکتا ہے، تو بہتر ہے کہ اسے بغیر گرم کیے ہی کھالیں تاکہ خطرے سے بچا جاسکے۔
پالک: چقندر کی طرح پاک اور دیگر سبز پتوں والی تمام سبزیوں میں نائٹریٹ ہوتا ہے جو مائیکروویو پرگرم ہونے کی صورت میں نقصان دہ جز کی شکل میں تبدیل ہوجاتا ہے اور معدے کے لیے تباہ کن ثابت ہوسکتا ہے۔
چائے اور کافی: چائے ہو یا کافی کوشش کریں جس وقت انہیں بنایا جائے اسی وقت گرم گرم پی لیا جائے بصورت دیگر انہیں اگر مائیکرو ویو میں گرم کیا جائے تو اس کی رنگت اور خوشبو کے ساتھ ساتھ اس کا ذائقہ بھی خراب ہوجاتا ہے۔ اس کے علاوہ دوبارہ گرم کرنے پر یہ صحت کے لئے بھی خطرناک ثابت ہوسکتی ہے۔