مادھاپور میں آٹو رکشاؤں کے خلاف کارروائی

   

’’ مائی آٹو از سیف‘‘ کے تحت آٹوز کی رجسٹریشن مہم ، مسافرین کو راحت پہونچانے کی مساعی
حیدرآباد /9 مارچ ( سیاست نیوز ) سائبرآباد پولیس نے مادھاپور کے علاقہ میں آٹو رکشاؤں کے خلاف کارروائی انجام دی ۔ ’’ مائی آٹو از سیف‘‘ میرا آٹو محفوظ ہے ۔ پراجکٹ کے تحت آٹوز کے رجسٹریشن کو لازمی قرار دیتے ہوئے ٹریفک پولیس نے خصوصی مہم کا آغاز کیا اور ایسے آٹو رکشاؤں کے خلاف کارروائی انجام دی جنہوں نے اس پراجکٹ ’’ مائی آٹو از سیف‘‘ کے تحت پولیس میں رجسٹریشن نہیں کروایا۔ سائبرآباد ٹریفک پولیس کے مطابق میاںپور ، مادھاپور ، گچی باؤلی اور کوکٹ پلی کے ٹریفک پولیس حدود میں ابھی تک جملہ 9360 آٹوز نے اس پراجکٹ کے تحت اپنا رجسٹریشن کروایا ہے ۔ جبکہ انہیں ایک ماہ طویل مہم کے دوران ان حدود کے کل 2275 آٹوز کی جانچ کی اور 963 آٹوز کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے کیس درج کئے گئے ۔ اس سلسلہ میں اسسٹنٹ کمشنر آف پولیس مادھاپور چندر شیکھر نے بتایا کہ یہ مہم جاری رہے گی ۔ سائبرآباد کے حدود میں بالخصوص آئی ٹی کواری ڈار میں کام کرنے والی خواتین کے تحفظ کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ اقدامات کئے جارہے ہیں ۔ انہوں نے بتجایا کہ مائی آٹو از سیف کے تحت ٹریفک پولیس آٹو کا رجسٹریشن کرتے ہیں اور ایک کیو آر نمبر آٹو کو مختص کیا جاتا ہے ۔ جس کو آٹو کے باہر اور اندرونی حصہ پر لگایا جاتا ہے ۔ اس کیو آر نمبر کے تحت ایک بارکوڈ بھی مختص کیا جاتا ہے ۔ جس کے ذریعہ آٹو میں سفر کرنے والے مسافر کسی بھی وقت اس بار کوڈ کے ذریعہ آٹو کے مالک اور ڈرائیور اور اس کی تمام تفصیلات کو حاصل کرسکتے ہیں اور کسی بھی ناگہانی حالات میں پولیس کو بروقت پہونچنے میں سہولت ہوتی ہے ۔ اے سی پی نے آٹو رکشاؤں کے مالکین اور ڈرائیور سے درخواست کی کہ وہ فوری طور پر اپنے آٹو رکشا کی تفصیلات درج کروالیں ۔ جنہوں نے ابھی تک اپنے آٹو کو درج نہیں کروایا ۔ انہوں نے بتایا کہ مادھاپور میں ان آربٹ ہال کے روبرو اور کوکٹ پلی میں ٹریفک پی ایس کے قریب مراکز قائم کئے گئے ہیں لہذا فوری درج کروالیں ۔