مال کے جوائے رائیڈ کے دوران کمسن لڑکی حادثہ کا شکار

   

ڈاکٹرس نے شدید زخمی انگلیوں کو کاٹ دیا، مال کے خلاف مقدمہ درج
حیدرآباد : /7 مئی (سیاست نیوز) شہر کے پاش علاقہ بنجارہ ہلز میں واقع ایک مال میں دلخراش واقعہ پیش آیا جس میں جوائے رائیڈ کے دوران 3 سالہ کمسن بچی حادثہ کا شکار ہوگئی اور ڈاکٹروں نے اس کی تینوں انگلیاں کاٹ دیں ۔ تفصیلات کے مطابق 3 سالہ مہویش لبنیٰ ہفتہ کو اپنے ماں باپ اور دیگر رشتہ داروں کے ساتھ روڈ نمبر 1 واقع سٹی سنٹر مال تفریج کیلئے گئی تھی ۔ لڑکی کے والدین نے اسے جوائے رائیڈ کیلئے ایک جھولے پر بٹھایا تھا اور وہ اس پر کھیل رہی تھی کہ اتفاقی طور پر دایاں ہاتھ مشین میں آگیا اور وہ شدید زخمی ہوگئی ۔ مہویش لبنیٰ کو شدید زخمی حالت میں سوماجی گوڑہ کے ایک دواخانہ کو منتقل کیا گیا جہاں پر ڈاکٹروں نے لڑکی کے والدین کو یہ بتایا کہ جوائے رائیڈ کی مشین میں ہاتھ پھنس جانے کے نتیجہ میں 3 انگلیاں شدید طور پر متاثر ہوگئیں ہیں جس کے نتیجہ میں انہیں کاٹ دینا پڑا ، مال کی مبینہ لاپرواہی سے برہم ہوکر لڑکی کے والد سید مقصود علی بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن میں ایک شکایت درج کروائی اور الزام عائد کیا کہ مال کے انتظامیہ کی لاپرواہی سے ان کی لڑکی کے ساتھ یہ حادثہ پیش آیا ہے ۔ بنجارہ ہلز پولیس اسٹیشن کے سب انسپکٹر کروناکر نے مال کا معائنہ کرتے ہوپئے انتظامیہ کے خلاف ایک مقدمہ درج کرلیا ہے ۔ لڑکی کے والدین نے یہ الزام عائد کیا کہ اسمائش زون جہاں پر جوائے رائیڈس موجود ہے بچوں کی حفاظت کیلئے موثر اقدامات نہیں کئے گئے ہیں جس کے نتیجہ میں یہ واقعہ پیش آیا ہے ۔ پولیس سے اس سلسلہ میں سخت کارروائی کا مطالبہ کیا گیا ۔ ب