مانسون سیشن میں صرف 22 فیصد کام ہوا

   

نئی دہلی : پیگاسس جاسوسی کیس ، کسانوں کے مسئلے اور مہنگائی پر پارلیمنٹ کے مانسون سیشن میں اپوزیشن اور حکومت کے درمیان جاری تعطل کی وجہ سے ایوان میں صرف 22 فیصد کام کاج ہوا۔ایوان زیریں لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے چہارشنبہ کو 17 ویں ایوان زیریں یعنی لوک سبھا کے چھٹے سیشن کے اختتام پر کہا کہ اس سیشن میں ایوان کا کام کاج توقع کے مطابق نہیں تھا۔ مسلسل تعطل کی وجہ سے اس سیشن میں ایوان کی جملہ 17 نشستوں میں صرف 21 گھنٹے اور 14 منٹ کام ہوا۔انہوں نے کہا کہ میٹنگ کے لیے طے شدہ 96 گھنٹوں میں سے ایوان میں مجموعی طور پر 74 گھنٹے 46 منٹ تک کام نہیں ہو سکا۔ اس وجہ سے اس سیشن میں ایوان کی کارکردگی صرف 22 فیصد رہی۔اوم برلا نے کہا کہ ایوان زیریں کے چار نئے ممبران نے 19 جولائی کو سیشن کے آغاز پر رکنیت کا حلف لیا۔ سیشن کے دوران کچھ اہم مالیاتی اورقانون سازی کا کام ایوان میں انجام دیا گیا۔