مانسون کی کیرالا آمد ، شمالی ہند میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان

,

   

بحیرہ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی ، شدید طوفانی شکل بننے کا اندیشہ ، ممبئی پر اثر پڑے گا

نئی دہلی ۔یکم جون ( سیاست ڈاٹ کام) جنوب مغربی مانسون کیرالا پہنچ گیا ہے جس کے ساتھ چار ماہ طویل موسم برسات کی شروعات ہوگئی ، ہندوستانی محکمہ موسمیات نے پیر کو یہ بات کہی ۔ محکمہ کی طرف سے بتایا گیا کہ شمالی ہندوستان میں معمول سے زیادہ بارش کا امکان ہے جب کہ وسطی ہندوستان اور جنوبی جزیرہ نما خطہ میں معمول کے مطابق بارش ہوگی ۔ تاہم مشرقی اور شمال مشرقی ہندوستان میں ملک کے دیگر حصوں کے مقابل کم بارش ہونے کا امکان ہے ۔ آئی ایم ڈی ڈائرکٹر جنرل مرتیونجے مہاپاترا نے یہ کہا کہ جنوب مغربی مانسون کی کیرالا آمد ہوچکی ہے ۔ جون سے ستمبر تک چار ماہ کے مانسون سیزن میں ملک بھر میں 75فیصد بارش ریکارڈ ہوتی ہے ۔ موسمی پیش قیاسی کرنے والے خانگی ادارے اسکائی میٹ ویدر نے 30مئی کو مانسون کی آمد کا اعلان کیا تھا لیکن ہندوستانی محکمہ موسمیات نے اختلاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ حالات اس طرح کے اعلان کے لئے سازگار نہیں ہے ۔دریں اثناء بحیرہ عرب میں ہوا کے دباؤ میں کمی ہورہی ہے جس سے شدید سائیکلون کی شکل پیدا ہونے کا اندیشہ ہے اور یہ طوفان 3جون کو شمالی مہاراشٹرا اور جنوبی گجرات کے ساحلوں کو عبور کرسکتا ہے ۔ محکمہ موسمیات نے کہاکہ اس سے ممبئی پر اثر پڑے گا ۔ آج شام تک ہوا کے دباؤ میں کمی گہری ہوگئی جو سائیکلون بننے کیلئے تیسرا و چوتھا مرحلہ ہوتا ہے ۔ 2جون تک طوفان میں شدت پیدا ہوگی جس کا سائیکلون وارننگ ڈیویژن ، آئی ایم ڈی نے انتباہ دیا ہے ۔ ڈیویژن کے مطابق یہ طوفان عین ممکن ہے 2جون کی صبح ابتداء میں شمالی سمت بڑھے گا اور پھر شمال ۔ شمال مشرقی سمت مڑ کر شمالی مہاراشٹرا اور جنوبی گجرات کے ساحلوں کو عبور کرے گا ۔ متاثرہ مقام 3جون کی رات کے دوران رائے گڑھ ، مہاراشٹرا اور دمن کا درمیانی خطہ ہوسکتا ہے ۔رائے گڑھ اور دمن کے درمیان تقریباً 260کلومیٹر کی پٹی ملک کی کافی گھنی آبادیوں میں سے ہے ۔ ممبئی کے علاوہ اس پٹی میں سیٹلائٹ سٹیز جیسے تھانے ، نوی ممبئی ، پنویل ، اولہاس نگر وغیرہ شامل ہیں ۔ مہاپاترا نے بتایا کہ اس طوفانی پیش قدمی کا ممبئی پر ضرور اثر پڑے گا ۔ 3جون کی شام جب یہ ساحل سے گذرے گا تب اس کی رفتار 105تا 110 کلومیٹر فی گھنٹہ کی ہوگی ۔ جنوبی گجرات اور ساحلی مہاراشٹرا میں بھاری بارشوں کی توقع ہے ۔