ماہر اقبالیات و دکنیات ڈاکٹر ضیا الدین احمد شکیب کا لندن میں انتقال

   

حیدرآباد :۔ فرزند دکن ، ماہر اقبالیات و دکنیات معروف صوفی اسکالر ڈاکٹر ضیا الدین احمد شکیب کا لندن میں انتقال ہوگیا ۔ شہر حیدرآباد سے تعلق رکھنے والی معروف شخصیت ڈاکٹر ضیا الدین شکیب نے علم و ادب کے علاوہ شعر و شاعری میں اپنا منفرد مقام بنایا تھا ۔ وہ ماہر اقبالیات کی حیثیت سے جانے جاتے تھے لیکن وہ ساتھ ہی تصوف و صوفی ازم سے قریبی تعلق رکھتے تھے ۔ ڈاکٹر ضیا الدین شکیب ایک مخلص تاریخ داں رہے اور قلمی نسخوں کی شناخت میں انہیں کمال حاصل تھا ۔ وہ حضرت معز الدین ملتانی ؒ سے کافی قربت رکھتے تھے ۔ 1933 میں حیدرآباد میں پیدا ہوئے ڈاکٹر ضیا الدین شکیب ریاست آندھرا پردیش کے محکمہ آرکائیوز میں بھی کچھ مدت تک خدمات انجام دے چکے تھے لیکن کافی عرصہ سے وہ لندن میں قیام پذیر تھے ۔ انہوں نے قطب شاہوں کے ایران سے تعلق اور گولکنڈہ میں ایرانی تہذیب پر بھی کافی تحقیقی کام سر انجام دیا ہے ۔ مرحوم نے مولانا آزاد نیشنل اردو یونیورسٹی میں ہارون خان شیروانی سنٹر فار دکن اسٹیڈیز کے قیام میں بھی اہم کردار ادا کیا اور وہ اس سنٹر کے پہلے مشاورتی بورڈ کے رکن رہ چکے ہیں ۔ ڈاکٹر ضیا الدین احمد شکیب کی تدفین لندن میں ہی عمل میں آئے گی ۔ پسماندگان میں ایک فرزند جو کہ لندن میں ہی ہیں کے علاوہ دو دختران شامل ہیں ۔۔