متعدد جنگوں میں حصہ لینے والے بہادر سپاہیوں کی فلاح و بہبود نظر انداز

   

وائس آف وار ویٹرنس کے مطالبات کی تکمیل پر زور ، کیپٹن پانڈو رنگاریڈی و دیگر کی پریس کانفرنس
حیدرآباد۔22فبروری(سیاست نیوز) وائس آف وار ویٹرنس کے زیر اہتمام منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سابق فوجی اور تلنگانہ کے ممتا ز مورخ کیپٹن لنگا لا پانڈو رنگا ریڈی نے کہاکہ 1962میںچین کے خلاف لڑائی میںمادر وطن کی حفاظت کے لئے انہوں نے فوج میں شمولیت اختیار کی تھی۔ انہوں نے مزید کہاکہ ہمارا تقرر ایمرجنسی سرویس کمیشن کے ذریعہ عمل میںآیا تھا جو عارضی سرویس کمیشن نہیںبلکہ عام تقرر کے لئے تشکیل دیاجانا والا کمیشن ہے ۔ کیپٹن ریڈی نے مزیدکہاکہ چین کے خلاف 1965اور پاکستان کے خلاف1971کی جنگ میں حصہ لینے کے بعد اپنی ملازمت سے سبکدوش کردئے گئے ۔ انہوں نے کہاکہ ہم نہ صرف ایکس سرویس مین ہیں بلکہ جنگ میںحصہ لے کر جیت حاصل کرنے والے جوان ہیں ۔ مگر افسوس مرکزی اور ریاستی حکومتیں ہمیں پوری طرح نظر انداز کی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ شہید جوانوں کے سہارے شہرت حاصل کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیںمگر جن لوگوں نے چین او رپاکستان کے خلاف جنگ میںحصہ لے کر مادر وطن کے لئے جان کی بازی لگائی ان کا کوئی پرسان حال نہیںہے۔کیپٹن ریڈی نے کہاکہ سبکدوشی کے بعدسے اب تک نہ تو ہمیںکوئی پنشن فراہم کی گئی ہے اور نہ ہی ہمارے لئے ون رینک ون پنشن لاگو کیاگیا ہے ۔ انہوں نے مزیدکہاکہ افسوس کی بات تو یہ ہے کہ ہمیں طبی سہولتیں بھی فراہم نہیں کی گئی ہیں۔ کیپٹن پانڈو رنگا ریڈی نے کہاکہ جہاں مرکز ی حکومت نے سوتیلا رویہ اختیار کیاہے تو دوسری طرف ریاستی حکومتوں کی جانب سے بھی فلاح وبہبود کے لئے اقداما ت نظر انداز کیے گئے ۔ مسٹر ریڈی نے حکومت تلنگانہ سے مطالبہ کرتے ہوئے کہاکہ کم از کم حکومت تلنگانہ ہمیں مفت طبی سہولتیں فراہم کرنے کا اعلان کرے۔ڈاکٹر کے چرنجیوی معاون کنونیر1969تلنگانہ تحریک فورم نے مطالبہ کیاوہ وائس آف وار ویٹرنس کی عاجلانہ یکسوئی کرے۔مسٹر کے نرسمہا ریڈی اور ایڈوکیٹ نندا ریڈی بھی اس موقع پر موجود تھے۔