مجرموں کو سزا دلانے میں کورٹ ڈیوٹی پولیس افسران کا رول کافی اہم

   

نارائن پیٹ میں پولیس عہدیداران کا جائزہ اجلاس، ضلع ایس پی ، این وینکٹیشورلو کا خطاب

نارائن پیٹ /9 جولائی ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجرموں کو قرار واقعی سزا دلانے میں کورٹ ڈیوٹی پولیس افسران کا کردار بہت اہم ہوتا ہے ۔ ان خیالات کا اظہار ضلع ایس پی نارائن پیٹ مسٹر این وینکٹیشورلو نے ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر کے کانفرنس ہال میں کورٹ ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس افسران کے ایک جائزہ اجلاس کو مخاطب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں میں درج مقدمات اور چارج شیٹ میں سزا کے فیصد کو بڑھانے کیلئے احتیاطی تدابیر کے حوالے سے آج ڈسٹرکٹ پولیس ہیڈ کوارٹر میں یہ تربیتی پروگرام رکھا گیا ہے ۔ جس سے استفادہ کرنا ہر کورٹ ڈیوٹی آفیسر کیلئے ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی آفسران کو چاہئے کہ کسی کے دباؤ دھمکانے اور لالچ میں نہ آئیں ۔ عدالتی مقدمات میں گواہوں کی وقت پر حاضری کو یقینی بنانے کیلئے اقدامات کریں اور مقدمات کیلئے رجسٹرات میں اندراجات بھی بروقت کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ کورٹ ڈیوٹی کرنے والے پولیس ملازمین کو ان کی اچھی کارکردگی پر انعامات و اعزازات بھی دئے جائیں گے اور ڈیوٹی اچھی طرح انجام نہ دینے کے صورت میں انہوں نے انتباہ دیا کہ ان کو شو کاز نوٹس بھی دی جاسکتی ہے ۔ اس پروگرام میں ڈی ایس پی مسٹر وینکٹیشور راؤ ، ایس آئی سنیتا ، ڈی آر پی کا عملہ اور کورٹ ڈیوٹی انجام دینے والے پولیس افسران اور ملازمین نے شرکت کی ۔