سرینگر :جموں و کشمیر کی سابق وزیر اعلیٰ محبوبہ مفتی سڑک حادثہ کا شکار ہو گئی ہیں۔ غنیمت یہ رہی کہ اس حادثہ میں ان کی کار کو تو بری طرح نقصان پہنچا ہے لیکن انھیں کوئی چوٹ نہیں پہنچی ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق جنوبی کشمیر کے اننت ناگ ضلع میں واقع سنگم بجبیہڑا کے پاس جمعرات کو محبوبہ مفتی کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی۔ اس حادثہ میں ڈرائیور معمولی طور پر زخمی ہوا ہے لیکن اسکارپیو کو شدید نقصان پہنچا ہے۔موصولہ اطلاعات کے مطابق مقامی عہدیدار جائے حادثہ پر پہنچ گئے ہیں اور معاملے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ اسکارپیو کا اگلا حصہ بری طرح ٹوٹ گیا ہے۔ محبوبہ مفتی اسکارپیو میں سوار ہو کر سری نگر سے اننت ناگ ضلع کے لیے روانہ ہوئی تھیں، اسی دوران اننت ناگ کے سنگم بجبیہڑا کے پاس ان کی گاڑی حادثہ کا شکار ہو گئی۔ وہ خان بل جا رہی تھیں جہاں آتشزدگی واقعہ میں متاثر کچھ لوگوں سے وہ ملاقات کرنے والی تھیں۔بہرحال حادثہ کے بعد انھوں نے اپنا سفر ملتوی نہیں کیا، بلکہ ایک دیگر گاڑی میں سوار ہو کر اپنی منزل کی طرف روانہ ہو گئیں۔