محبوب نگر میں 27 اپریل کو جلسہ عام ، جناب عامر علی خان کی شرکت

   

محبوب نگر /25 اپریل ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) آج ملک کو سنگین مسائل کا سامنا ہے ۔ ملک کی آزادی کے بعد سے پہلی مرتبہ ملک کے عوام اپنے ملک کے مستقبل کیلئے فکرمند ہیں ۔ مذہبی منافرت پھیلاتے ہوئے اقتدار حاصل کرنے کی سازشیں جاری ہیں۔ ان حالات میں ہم سب کی ذمہ داری ہے کہ دستور اور دیش کی حفاظت کیلئے متحد ہوتے ہوئے آگے بڑھیں۔ اسی فکر کو لے کر محبوب نگر کی دستور بچاؤ دیش بچاؤ کمیٹی کے ذمہ داران نے 27 اپریل کو 4 بجے شام ایم بی سی چرچ گراؤنڈ پر ایک بڑے جلسہ عام کے انعقاد کا فیصلہ کیا ہے ۔ متحدہ ضلع کے جملہ 14 اسمبلی حلقہ جات کے عوام شرکت کریں گے ۔ جلسہ کو مخاطب کرنے کیلئے قومی سطح کے دانشوران ، سیکولر قائدین کو مدعو کیا گیا ہے ۔ جن میں قابل ذکر پروفیسر یوگیندر یادو ، پروفیسر کودنڈارام ، جناب عامر علی خان نیوز ایڈیٹر سیاست ، پروفیسر ہراگوپال ، رام داس نائیک ، ڈاکٹر آشروادم ، ڈاکٹر ولسن سنگم ، پروفیسر قاسم ، حافظ پیر خلیق احمد صابر ، علامہ محمد احمد نقشبندی ، کے ستیہ نارائنا ، گپتا و دیگر شامل ہیں ۔ آپ تمام سے وقت اور حالات کے نزاکت کے پیش نظر شرکت کی گذارش کی جاتی ہے ۔