محمد صلاح چمپینز لیگ خطاب کے خواہاں

   

یورپول۔14 مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) انگلش کلب لیور پول کے مصری فارورڈ محمد صلاح نے کہا ہے کہ وہ چمپیئنز لیگ جیتنا چاہتے ہیں جبکہ کلب کے مداح پریمیئر لیگ خطاب کے خواہشمند ہیں۔ چمپیئنز لیگ کے اگلے راونڈ تک رسائی کیلئے جرمن کلب بائرن میونخ سے فیصلہ کن مقابلے کیلئے جرمنی روانگی سے قبل انہوں نے مزید کہا کہ وہ شائقین کی خواہش پر اپنی آرزوکی قربانی دینے کو تیار ہیں۔ پریمیئر لیگ میں لیور پول نسبتاً بہتر موقف میں ہے اور لیگ کی ٹاپ ٹیم مانچسٹر سٹی کے ساتھ ایک پوائنٹ کے فرق سے دوسرے نمبر پر ہے۔ دوسری جانب گزشتہ سیزن میں لیور پول چمپیئنز لیگ کے فائنل میں پہنچ گئی تھی لیکن محمد صلاح کے زخمی ہونے کی وجہ سے خطاب سے محروم رہ گئی تھی۔ مصری فارورڈ نے کہا کہ وہ یورپ میں کریر کے آغاز سے ہی براعظم کا سب سے بڑا ٹورنمنٹ جیتنے کی تمنا رکھتے ہیں لیکن دوسری جانب انہیں بخوبی اندازہ ہے کہ لیور پول اور اسکے مداحوں کیلئے پریمیئر لیگ جیتنا کتنا اہم ہے۔ اب انکی پہلی ترجیح ڈومیسٹک خطاب میں فتح ہے اور اگر اس کیساتھ چمپیئنز لیگ میں بھی کامیابی ملی تو سونے پر سہاگہ ہوگا۔