مرکزی حکومت کے گودام سے چاول کا سرقہ

   

روزانہ ایک دو تھیلے کی غیر مجاز منتقلی کی شکایت، دوہوم گارڈس زیر حراست

بودھن۔/7 اگسٹ، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) سنٹرل ویر ہاؤز
(CWC)
گودام سے مبینہ طور پر چاول چوری کرنے کے الزام میں گودام کے دو محافظوں ( ہوم گارڈس ) گوپال اور لکشمن کو بودھن پولیس نے حراست میں لے کر ریمانڈ میں بھیج دیا۔ تفصیلات کے مطابق مذکورہ ہوم گارڈس پر روزانہ کسی نہ کسی طرح ایک یا دو تھیلے چاول مبینہ طور پر گودام سے گیٹ کے باہر منتقل کرنے کا الزام ہے۔ گودام کے دیگر ملازمین نے ان کی اس مجرمانہ نقل و حرکت سے گودام کے منیجر کو واقف کروایا لیکن ان کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی تب شکایت کنندگان نے اپنی شکایت کو ریجنل منیجر تک پہنچایا۔ آر ایم کی ہدایت پر مقامی منیجر نے بعد تحقیقات شکایت کی تصدیق کی اور مذکورہ ہوم گارڈس کے خلاف پولیس میں شکایت درج کروائی۔ واضح ہو کہ یہ معاملہ تقریباً ماہ جون 2019 سے گودام کے ملازمین میں زیر بحث ہے۔ ذرائع کے بموجب اس گودام میں تقریباً 22 سی سی کیمرے نصب ہیں جن میں سے صرف چند کیمرے ہی کارکرد ہیں۔ اعظم گنج بودھن میں واقع اس مرکزی حکومت کے گودام میں کروڑہا روپئے مالیت کے اجناس کا ذخیرہ رہتا ہے جو یہاں تک ذریعہ مال گاڑی ( ٹرین ) لایا جاتا ہے۔ یہاں اس گودام تک لاریوں کے ذریعہ اجناس منتقل کیا جاتا ہے۔ یہ گودام بودھن ریلوے اسٹیشن سے متصل ہے ۔ بودھن ساؤتھ سنٹرل ریلوے کا آخری اسٹیشن ہے۔ یہاں سے دور دراز کے مقامات کو لاریوں کے ذریعہ مال حمل و نقل کیا جاتا ہے۔