مرکزی وزیرگری راج سنگھ کے بیان پر اعظم خان نے کسا طنز، کہا۔ دو۔ تین سے زیادہ بچے والوں کو دے دو پھانسی

,

   

سماج وادی پارٹی کے قدآور لیڈر اور رکن پارلیمنٹ اعظم خان نے مرکزی وزیر گری راج سنگھ کے بیان پر جوابی حملہ کیا ہے۔ انہوں نے طنز کستے ہوئے کہا کہ جس کنبہ میں دو۔ تین سے زیادہ بچے پیدا ہوں ،ایسے شوہر اور بیوی کو پھانسی دے دینا چاہئے۔ کیونکہ اس کے بعد نہیں رہے گا بانس اور نہیں بجے گی بانسری۔

ایس پی رکن پارلیمنٹ اعظم خان نے اپنے بیان میں کہا کہ جمہوریت کا قتل کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ مرکزی حکومت کے اقتدار سے انگریزوں کا اقتدار بہتر تھا۔

دراصل، بیگوسرائے سے بی جے پی رکن پارلیمنٹ اور مرکزی وزیر گری راج سنگھ نے کہا تھا کہ ملک میں ہندو۔ مسلمان دونوں کے لئے دو بچوں کا قانون ہونا چاہئے اور جو اس قانون کو نہ مانے اس کا ووٹنگ کا حق ختم کر دینا چاہئے۔ عالمی یوم آبادی کے موقع پر گری راج سنگھ نے کہا کہ آج آبادی ہندوستان کے لئے بڑی وارننگ ہے اور اس سے وسائل اور سماجی ہم آہنگی کو خطرہ لاحق ہے۔

گری راج نے کہا تھا کہ آبادی پر قابو پانے کے لئے سخت قانون کی ضرورت ہے۔ ہندوستان میں ووٹ کے ٹھیکیداروں نے آبادی کو مذہب سے جوڑ دیا ہے۔ اس قانون کو اسلامی ممالک قبول کر رہے ہیں لیکن ہندوستان میں لوگ اسے شریعت اور مذہب سے جوڑ دیتے ہیں ، اسی وجہ سے ووٹ کے سوداگر کھڑے ہو جاتے ہیں۔