مرکزی و ریاستی حکومتوں کی ناکامیوں کو منظر عام پر لائیں

   

حسن آباد میں کانگریسی کارکنوں کا اجلاس ، پونم پربھاکر کی مخاطبت

حسن آباد /2 اگست ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) مجوزہ بلدی انتخابات کے ضمن میں حسن آباد ٹاون میں کانگریس پارٹی کو تمام 20 وارڈوں میں مزید مستحکم و فعال بناکر مجلس بلدیہ حسن آباد پر قبضہ جمانے کی خاطر لائحہ عمل ترتیب دینے و پالیسی تدوین کرنے کی غرض سے آج کے جے آر گارڈن حسن آباد میں ٹاون کمیٹی کا ایک تنظیمی اجتماع پارٹی امور انچارج برائے حلقہ حسن آباد مسٹر بی رام چکروتی کی زیر صدارت منعقد ہوا ۔ جس میں بحیثیت مہمان خصوصی تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی کے کارگذار صدر و سابقہ رکن پارلیمنٹ کریم نگر مسٹر پونم پربھاکر گوڑ نے شرکت کرتے ہوئے مجلس بلدیہ حسن آباد کے حدود میں کانگریس پارٹی کے تنظیمی موقف کا مقامی متعلقہ وارڈوں کے قائدین و سرگرم کارکنوں سے تفصیلی جائزہ لیا ۔ نیز ضروری مشورے دئے ۔ مسٹر پونم پربھاکر گوڑ نے کانگریس کارکنوں کو ریاستی و مرکزی حکومتوں کی ناکامیوں کو منظر عام پر لاکر عوام کو تفصیلات سے واقف کروانے کا مشورہ دیا ۔ انہوںنے اس بات پر اپنے گہرے ایقان کا اظہار کیا کہ حسن آباد ٹاون کے عوام بالخصوص دلت پسماندہ و مسلم طبقات مشترکہ طور پر کانگریسی امیدواروں کو کامیاب بناکر مجلس بلدیہ حسن آباد میں پارٹی کو بھاری اکثریت سے برسر اقتدار لائیں گے ۔ جلسہ عام کو کے لنگم مورتی ، محمد حسن ، محمد شبیر علی ، نریندر ریڈی ، واسو دیوا راؤ و دیگر کانگریس قائدین نے بھی مخاطب کیا ۔