حیدرآباد: کانگریس کے رکن پارلیمنٹ کومٹ ریڈی وینکٹ ریڈی نے الزام عائد کیا کہ مرکز میں دوستی اور گلی میں کُشتی کی پالیسی پر ٹی آر ایس اور بی جے پی عمل پیرا ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے وینکٹ ریڈی نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت نے اہم مسائل پر بی جے پی سے مفاہمت کرلی ہے۔ بی جے پی حکومت کی ناکامیوں اور عوام دشمن فیصلوں کے خلاف احتجاج سے گریز کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی کے ریاستی صدر اور دیگر قائدین ٹی آر ایس حکومت کے خلاف دکھاوے کیلئے بیان بازی کر رہے ہیں۔ بنڈی سنجے کو اگر حکومت کی بے قاعدگیوں کی تحقیقات میں دلچسپی ہو تو انہیں چاہئے کے سی آر کے خلاف سی بی آئی تحقیقات کا آغاز کریں ۔ مرکز سے نمائندگی کرتے ہوئے ایک لاکھ کروڑ کے کرپشن کی تحقیقات کرائی جائیں۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کیلئے منظورہ آئی ٹی آئی آر پراجکٹ کے بارے میں پارلیمنٹ میں آواز اٹھائی جائے گی ۔ پراجکٹ کے نام پر تلنگانہ حکومت بڑے پیمانہ پر بے قاعدگیوں کا منصوبہ بنا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کے آبپاشی پراجکٹ میں بے قاعدگیوں کو پارلیمنٹ میں بے نقاب کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس ارکان پارلیمنٹ کے سی آر حکومت کی بے قاعدگیوں کو پارلیمنٹ میں موضوع بحث بنائیں گے ۔ وینکٹ ریڈی نے کہا کہ پارٹی سینئیر قائدین کے ساتھ اجلاس میں تلنگانہ سے متعلق مسائل کی نشاندہی کی گئی ہے تاکہ مرکز سے رجوع کیا جاسکے ۔