مرکز کے خلاف کانگریس کی جانب سے آج کسانوں کا احتجاج

   

لال بہادر اسٹیڈیم تا نیکلس روڈ ریالی
حیدرآباد: 27 فروری (سیاست نیوز) مرکزی حکومت کی مخالف کسان پالیسیوں کے خلاف کسان نئی دہلی کی سرحد پر احتجاج کررہے ہیں۔ کانگریس پارٹی نے احتجاجی کسانوں سے اظہار یگانگت کے لیے کل 28 فروری کو حیدرآباد میں ریالی منظم کرنے کا اعلان کیا ہے۔ لال بہادر اسٹیڈیم سے صبح 11 بجے ریالی کا آغاز ہوگا جو نیکلس روڈ سے گزرکر مجسمہ اندرا گاندھی کے پاس جلسہ عام میں تبدیل ہوجائے گی۔ ورکنگ پریسیڈینٹ پردیش کانگریس کمیٹی مہیش کمار گوڑ نے بتایا کہ احتجاجی کسانوں پر حکومت کے مظالم اور انہیں دہلی میں داخلہ سے روکنے کی کوششوں کے خلاف احتجاج میں کانگریس کے علاوہ کسان تنظیموں کے قائدین حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت نے کسانوں کی پیداوار کی اقل ترین امدادی قیمت کو یقینی بنانے کے لیے قانون سازی کا وعدہ کیا تھا۔ مودی حکومت کے وعدوں سے انحراف پر کانگریس نے حیدرآباد میں ریالی منظم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی مختلف اضلاع سے کسان ریالی میں شرکت کریںگے۔ اسی دوران کسان کانگریس کے صدت انویش ریڈی نے مزدوروں، سرکاری ملازموں، رضاکارانہ تنظیموں اور دانشوروں سے اپیل کی ہے کہ ریالی میں شرکت کرتے ہوئے کسانوں سے اظہار یگانگت کریں۔ 1
مرکز ، تلنگانہ سے کئے گئے وعدوں کو پورا کرنے میں ناکام : کریشنک
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : کئی ریاستوں بشمول اترپردیش ، گجرات و دیگر کے لیے مرکزی حکومت کی مدد کی تفصیلات پیش کرتے ہوئے بی آر ایس قائد ایم کریشنک نے کہا کہ تلنگانہ کے لیے متعدد اعلانات کرنے کے باوجود مرکز انہیں پورا کرنے میں ناکام ہوگیا ہے ۔ کل یہاں تلنگانہ بھون میں ایک پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے کریشنک نے وزیراعظم نریندر مودی کو اپنی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاکہ انہوں نے تلنگانہ کے مقابل ان ریاستوں کی حمایت کی جہاں بی جے پی کی حکومت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس نے تلنگانہ عوام کے مفادات کے تحفظ کے لیے مرکز میں بی جے پی سے مقابلہ کا تہیہ کیا ہے ۔۔
دھرانی درخواستوں پر کارروائی کیلئے یکم مارچ سے ریونیو کیمپس : وزیر مال
حیدرآباد ۔ 27 ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : وزیر مال پی سرینواس ریڈی نے کہا کہ ریاستی حکومت کی جانب سے یکم مارچ سے ریونیو سدسو ( ریونیو کیمپس ) منعقد کرتے ہوئے تقریبا 2.45 لاکھ زیر التواء دھرانی درخواستوں کی یکسوئی اور اراضی سے متعلق مسائل کو حل کیا جائے گا ۔ انہوں نے کہا کہ سابق بی آر ایس حکومت کے دوران عہدیداروں کو موصول ہوئی تقریبا 2.45 لاکھ دھرانی درخواستیں ہنوز زیر التواء ہیں ۔ ان درخواستوں پر کارروائی کرنے کے لیے ریاست بھر میں تحصیلدارس یکم تا 7 مارچ میٹنگس منعقد کریں گے ۔ وزیر مال نے کہا کہ ریاستی حکومت دھرانی پورٹل پر ایک وائیٹ پیپر بھی جاری کرے گی ۔۔