مسئلہ کشمیر پر پاکستان اور چین بات چیت پر ہندوستان نے کہا : ہمارے داخلی معاملات پر دوسرے ملک تبصرہ نہ کریں

,

   

چین کے صدر شی جن پنگ اور پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان کے کشمیر پر گفتگو کرنے کی خبروں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے ہندوستان نے بدھ کو کہا کہ اس معاملہ پر ہمارے موقف سے بیجنگ اچھی طرح واقف ہے اور ہمارے داخلی معاملوں پر دوسرا ملک تبصرہ نہ کریں ۔

ہندوستان کا یہ رد عمل شی جن پنگ اور عمران خان کے درمیان میٹنگ میں کشمیر پر گفتگو ہونے کے بارے میں چین کی سرکاری میڈیا میں خبر آنے کے بعد آئی ہے ۔ خبروں کے مطابق میٹنگ میں شی جن پنگ نے عمران خان سے کہا ہے کہ کشمیر میں حالات پر چین کی نظر ہے اور اس نے امید ظاہر کی ہے کہ متعلقہ فریق پرامن مذاکرات کے ذریعہ اس معاملہ کو حل کرسکتے ہیں۔

چین کے صدر شی جن پنگ اور پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کے مابین غیر رسمی میٹنگ میں کشمیر کے تذکرے سے متعلق میڈیا کے سوال کے جواب میں وزارت خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے کہا کہ ہم نے چین کےصدر شی جن پنگ کی پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کےساتھ میٹنگ سے متعلق رپورٹ دیکھی ہے ، جس میں کشمیر کے تعلق سے ان کی گفتگوکا حوالہ بھی دیا گیا ہے۔

انھوں نے مزید کہا کہ ہندستان کاموقف یکساں اور واضح ہے کہ جموں و کشمیر ہندستان کا اٹوٹ حصہ ہے ۔ چین بھی ہمارے اس موقف سے اچھی طرح واقف ہے ۔ انھوں نے کہا کہ کسی بھی ملک کا یہ حق نہیں ہے کہ وہ ہندوستان کے داخلی امور پر تبصرہ کرے ۔

سرکاری چین گلوبل ٹیلی ویزن نیٹ ورک ( سی جی ٹی این ) کی خبر کے مطابق صدر شی نے ( خان کو ) یقین دلایا ہے کہ چین کشمیر میں حالات پر نظر رکھ رہا ہے ۔ شی نے کہا کہ اپنے جائز مفادات کی حفاظت کرنے میں چین پاکستان کی حمایت کرتا ہے اور امید کرتا ہے کہ متعلقہ فریق پرامن مذاکرات کے ذریعہ تنازع کو حل کرسکتے ہیں۔