مساجد میں فنی کورسس کا انتظام وقت کی اہم ترین ضرورت

   

مسجد خزانہ آب میں عائشہ آفندی اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر کی تقریب تقسیم اسناد، جناب افتخار حسین و دیگر کا خطاب

حیدرآباد ۔ 30 مارچ (سیاست نیوز) موجودہ دور میں تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنرمند ہونا بہت ضروری ہے۔ اگر آپ کے ہاتھوں میں کوئی ہنر ہوگا آپ ہنرمند ہوں گے تو پھر سمجھئے کہ آپ اپنے قدموں پر خود کھڑے ہوسکتے ہیں۔ مہنگائی کے اس دور میں پیدا شدہ چیلنجز کا آسانی سے اور کامیابی سے مقابلہ کرسکتے ہیں اگر آج مختلف مساجد میں ملت کے لڑکے لڑکیوں کیلئے فنی کورسس سکھانے کا انتظام کیا جائے تو ہماری قوم کو کسی کے آگے ہاتھ پھیلانے کی ضرورت نہیں ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار مسجد خزانہ آب دودھ باؤلی میں چلائے جارہے مثالی ’’عائشہ آفندی اسکل ڈیولپمنٹ سنٹر‘‘ کے جلسہ تقسیم اسناد سے خطاب کرتے ہوئے سکریٹری فیض عام ٹرسٹ جناب افتخار حسین اسپانسر ڈاکٹر سید عبدالرحیم، ڈاکٹر مخدوم محی الدین اور دیگر ممتاز شخصیتوں نے اپنی تقاریر میں کیا۔ واضح رہیکہ اپنی طرز کا یہ منفرد سنٹر فیض عام ٹرسٹ اور مسجد خزانہ آب کی انتظامی کمیٹی مشترکہ طور پر چلاتے ہیں جہاں طلباء و طالبات اور بیروزگار مرد و خواتین کیلئے کم از کم دس کورسس چلاتے ہیں جن میں کمپیوٹر کا تعارف اور بنیادی ایم ایس آفس، سی پروگرامنگ، C++ پروگرامنگ، جاوا پروگرامنگ، پائتھان پروگرامنگ، ریلیشنل ڈیٹا بیس مینجمنٹ سسٹم RDBMS اور SQL/IPSQL ، ویب ٹکنالوجی، کمپیوٹر نٹ ورکس (انٹروڈکشن و اڈوانسڈ)، گرافک ڈیزائننگ اور اکاؤنٹس TALLY ERPA جیسے کورسس شامل ہیں۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ اس سنٹر کا افتتاح 6 فبروری 2022ء کو عمل میں آیا تھا۔ جناب افتخار حسین اور ڈاکٹر مخدوم محی الدین کے مطابق تین لاکھ روپئے سے زائد کی رقم صرف کرتے ہوئے مکمل کمپیوٹر سٹ اپ نصب کیا گیا جبکہ اس کے MAINTAINANCE کی ذمہ داری فیض عام ٹرسٹ نے لی اور تنخواہوں و دیگر متفرق کاموں پر اب تک چار لاکھ روپئے خرچ کئے گئے۔ جلسہ تقسیم اسناد میں اس سنٹر کے انچارج سید حیدر علی، مسجد خزانہ آب کمیٹی کے صدر و ٹرسٹی ڈاکٹر مخدوم محی الدین، جناب رضوان حیدر، امام مسجد جناب شجیع الدین، خازن مسجد خزانہ آب جناب عبدالغنی، جناب ذوالفقار بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر سید عبدالرحیم نے بحیثیت مہمان خصوصی شرکت کی۔ انہوں نے فیض عام ٹرسٹ اور انتظامی کمیٹی اور مسجد خزانہ آب کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ مساجد کو تعلیمی و تربیتی مراکز کے طور پر استعمال کرنے کا رجحان ایک مثالی رجحان ہے اگر ہر محلہ کی مساجد میں تعلیم و تربیت خاص کر ہمارے بچوں کو فنی کورسس سکھائے جائیں تو معاشرہ میں ایک صالح انقلاب برپا ہوگا۔