مستحکم افغانستان کیلئے تمام گروہ اور سیاسی قوتیں غیرملکی انخلا کا فائدہ اٹھائیں: ایران

   

تہران: ایران نے کہا ہے کہ محفوظ اور مستحکم افغانستان کے قیام کے لیے وہاں کے تمام گروہ اور سیاسی قوتیں غیرملکی انخلا کا فائدہ اٹھائیں۔تہران میں پریس بریفنگ کے دوران ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہا کہ افغانستان کی تاریخ سے پتہ چلتا ہے کہ اس مسئلے کا کوئی فوجی حل نہیں ہے، ہم افغانستان میں رونما ہونے والی تبدیلیوں کو قریب سے دیکھ رہے ہیں اور وہاں کے مختلف گروہوں سے رابطے میں ہیں، ایران افغان گروپوں کے درمیان تعاون اور مذاکرات کو آسان بنانے کے لیے تیار ہے۔ افغانستان میں تمام گروپوں اور سیاسی سیاستی جماعتوں کو چاہیے کہ وہ طاقت کے استعمال سے گریز کریں اور مذاکرات کا راستہ اپنائیں۔سعید خطیب زادہ نے کہا کہ ایران افغانستان میں ایک متفقہ حکومت کو اقتدار کی پرامن منتقلی کا حامی ہے، ہم امید کرتے ہیں کہ ایک متفقہ اور جامع حکومت غیر ملکی افواج کے انخلا کے اہم ترین موقع کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک محفوظ اور مستحکم افغانستان کی تعمیر میں کامیاب ہو جائے گی۔ایرانی وزارت داخلہ نے کہا کہ پاکستان کے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی 26 اگست کو تہران کا دورہ کریں گے، جس میں باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کے علاوہ افغانستان کے مسئلے پر بھی گفتگو ہوگی۔