مشہور اسمگلر ویرپن کی دختر ٹاملناڈو سے لوک سبھا چناؤ میں امیدوار

   

حیدرآباد ۔ 25 ۔ مارچ (سیاست نیوز) انتخابات میں سیاست دانوں کے علاوہ فلم ، صنعت اور ادب سے تعلق رکھنے والی شخصیتوں کا حصہ لینا کوئی نئی بات نہیں ہے لیکن حالیہ عرصہ میں مافیا سرگرمیوں سے وابستہ افراد بھی الیکشن میں قسمت آزمائی کر رہے ہیں۔ ٹاملناڈو اور کرناٹک کے جنگلات میں بے تاج بادشاہ کی طرح اپنا دبدبہ رکھنے والے صندل کے مشہور اسمگلر ویرپن کی دختر ودیا رانی ٹاملناڈو سے لوک سبھا انتخابات میں حصہ لے رہی ہیں۔ ویرپن نے کئی برسوں تک ٹاملناڈو اور کرناٹک کے جنگلات میں پولیس کو چکمہ دے کر اپنی سرگرمیوں کو جاری رکھا تھا ۔ پولیس کی کارروائی میں ان کی موت واقع ہوئی تھی ۔ اطلاعات کے مطابق ٹاملناڈو کی مقامی سیاسی پارٹی نام تمیزار کچ نے کرشنا گری لوک سبھا حلقہ سے ودیا رانی کو امیدوار بنایا ہے۔ اس حلقہ میں 19 اپریل کو رائے دہی مقرر ہے۔ ویرپن کی مقبولیت کو ووٹ میں تبدیل کرنے کے مقصد سے ودیا رانی انتخابی میدان میں ہیں۔ ان کا ماننا ہے کہ ویرپن کی غریبوں کیلئے خدمات کو یاد رکھتے ہوئے عوام انہیں ضرور منتخب کریں گے۔ 1