مصر: سی آئی اے کے سربراہ کی السیسی سے ملاقات

   

قاہرہ: امریکی خفیہ ادارے سی آئی اے کے سربراہ ولیم برنز نے قاہرہ میں مصری صدر عبدالفتاح السیسی سے ملاقات کی۔ مصری ایوان صدر کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا کہ ملاقات کے دوران مقبوضہ فلسطینی علاقوں، لیبیا اور افغانستان کی تازہ صورت حال کے بارے میں تبادلہ خیال کیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ صدر سیسی اور ولیم برنز نے علاقائی امور بالخصوص مشرقِ وسطیٰ اور افغانستان میں کشیدگی کے علاوہ ایتھوپیا میں تعمیر کیے جانے والے ڈیم اور مغربی ہمسائے لیبیا کی صورت حال کے بارے میں بھی بات چیت کی۔ ولیم برنز آکسفورڈ کے اعلیٰ تعلیم یافتہ اسکالر ہیں۔ وہ مصر اور امریکہ کے درمیان تعلقات پر ایک کتاب کے مصنف بھی ہیں۔ اس سے قبل انہوں نے اسرائیل اورغربِ اردن کا دورہ کیا تھا۔واضح رہے کہ مصر امریکہ سے اسرائیل کے بعد سب سے زیادہ امدادوصول کرنے والا ملک ہے اور خطے میں اس کا ایک اہم اتحادی ہے۔ مصرہی نے مئی میں غزہ میں اسرائیل اورحماس کے درمیان 11روزہ جنگ کے بعد جنگ بندی کا معاہدہ کرایا تھا۔